مہا گٹھ بندھن کرپشن ‘ منفی سوچ اور عدم استحکام کا اتحاد : مودی کا رد عمل

,

   

مارگاو ( گوا ) 20 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کولکتہ ریلی میں اپوزیشن کی جانب سے اتحاد ے مظاہرہ کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اس اتحاد کو کرپشن ‘ منفی سوچ اور عدم استحکام کا اتحاد قرار دیا اور کہا کہ ان پارٹیوں کے پاس پیسے کی طاقت ہے تو بی جے پی کے پاس عوام کی طاقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام زمرہ کے تحت 10 فیصد تحفظات کو یقینی بنانے کیلئے تعلیمی اداروں کی نشستوں میں اضافہ کیا جائیگا ۔ مودی یہاں بی جے پی کے بوتھ سطح کے عہدیداروں سے خطاب کر رہے تھے ۔ مودی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو شکست کے اندیشے لاحق ہیں اسی لئے وہ ابھی سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر تنقید کر رہے ہیں اور اس کا عذر پیش کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل کی ریلی کے دوران ایک لیڈر نے اپنی تقریر کے دوران بوفورس کا حوالہ دیا ۔ حالانکہ اسے غلطی قرار دیا جا رہا ہے لیکن حقیقت کو چھپایا نہیں جاسکتا ۔ اپوزیشن کا مہا گٹھ بندن سرمایہ داروں ‘ کرپشن ‘ اسکامس ‘ منفی سوچ اور عدم استحکام کا اتحاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ دھن شکتی ہے تو بی جے پی کے پاس جن شکتی ہے ۔ انہوں نے ایک کارکن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد سیاسی جماعتوں سے ہے جبکہ ان کا اتحاد 125 کروڑ ہندوستانیوں کے خوابوں سے ہے اور ان کی امیدوں و توقعات سے ہے ۔