مہلوک جنگجوؤں کی یاد میں جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقے مکمل بند

   

سری نگر4جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) گذشتہ روز ترال کے گلشن پورہ علاقے میں ایک خونیں تصادم آرائی کے دوران ہلاک ہوئے 3جنگجوؤں کی یاد میں جمعہ کے روز جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں مکمل تعزیتی ہڑتال رہی۔یواین آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق ترال اور اونتی پورہ قصبوں میں تمام تجارتی سرگرمیاں مفلوج رہ گئیں، دکانیں بند اور سڑکیں سنسان رہیں۔ادھر ریل حکام نے جمعہ کے روز حفاظتی اقدام کے طور پر سرینگر۔بانہال ریل خدمات بند رکھیں۔ایک ریلوے عہدیدار کے مطابق گذشتہ روز ترال کے گلشن پورہ علاقے میں فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ہوئی تصادم آرائی ،جس میں تین جنگجو ہلاک جبکہ چار فوجی اہلکار زخمی ہوئے ، کے پیش نظرحفاظتی اقدام کے طور پر سرینگر۔بانہال ریل خدمات کو جمعہ کے روز بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔