میڈیا واچ ڈاگ جھارکھنڈ صحافی کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کا خواہاں

   

واشنگٹن ۔ 10جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چہارشنبہ کو ایک میڈیا واچ ڈاگ نے ہندوستانی حکام سے رابطہ کرتے ہوئے جھارکھنڈ میں ایک قبائلی صحافی کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مقامی پولیس نے تحقیقات مسدود کردی ہے۔ یاد رہیکہ 9 ڈسمبر 2018ء کو 35 سالہ امیت ٹوپنو جو ایک قبائلی رپورٹر تھا جو ویڈیو والینٹرس نامی ایک این جی او سے وابستہ تھا جو کمیونٹی میڈیا کے فروغ کیلئے کام کرتی ہے۔ اسے انتہائی قریب سے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا جبکہ بعض مقامی افراد نے رانچی میں ایک سڑک پر اس کی نعش پڑی ہوئی پائی۔ رپورٹرس وتھ آؤٹ بارڈرس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ مقامی پولیس نے اس ہلاکت کی تحقیقات مسدود کردی ہے۔ رپورٹرس وتھ آؤٹ بارڈرس کے ایشیا پیسیفک سربراہ ڈینیئل باسٹرڈ کا کہنا ہیکہ امیت ٹوپنو کی کسی ’’رپورٹ‘‘ نے سماج کے کسی طبقہ کو ضرور ناراض کیا ہے یا پھر تحقیقات کرنے والوں کو اس نکتہ پر زیادہ زور دینا چاہئے کہ کیا امیت ٹوپنو کا قتل صحافتی ذمہ داری دیانتداری سے نبھانے کا مفروضہ قابل قبول ہے۔