نئی عمارتوں کی تعمیر ترقی نہیں ہوتی، تلنگانہ میں روزانہ 22 کسانوں کی خودکشی

   

راج بھون میں یوم جمہوریہ تقریب۔ چیف منسٹر اور وزراء کی دوری۔ گورنر کا خطاب۔ بالواسطہ حکومت پر تنقید

حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور حکومت کی کارکردگی پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ نئی عمارتوں کی تعمیر کو ترقی نہیں کہتے بلکہ قوم کی تعمیر ہونی چاہیئے اور نہ ہی فارم ہاوز کی تعمیر کو ترقی سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ ہمارے بچے بیرونی ممالک میں تعلیم حاصل کرنے کو بھی ترقی نہیں کہتے بلکہ تلنگانہ کی یونیورسٹیز میں عالمی طرز کی تعلیمی سہولیات دستیاب ہونی چاہیئے۔ گورنر نے راج بھون میں یوم جمہوریہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیف سکریٹری شانتی کماری ، ڈی جی پی انجنی کمار کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ گورنر نے کہا کہ چند لوگوں کو میں پسند نہیں ہوں‘ لیکن وہ تلنگانہ کے عوم کو بہت زیادہ پسند کرتی ہیں۔ تلنگانہ میں تشویشناک صورتحال پیدا ہوگئی ہے، روزانہ 22 کسان خودکشی کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر ہائی ویز تعمیر کرنے اور تلگو ریاستوں کیلئے وندے بھارت ریل متعارف کرانے قومی ترقی میں تلنگانہ کو حصہ دار بنانے پر وزیر اعظم نریندر مودی سے اظہار تشکر کیا۔ راج بھون میں منعقدہ یوم جمہوریہ تقریب سے چیف منسٹر اور وزراء نے دوری برقرار رکھی۔ گورنر نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ صدیوں کی تاریخ رکھنے والا شہر کئی شعبوں میں تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ طب ، آئی ٹی شعبوں میں حیدرآباد کی اپنی خصوصی شناخت ہے۔ ملک کے تمام شہروں سے حیدرآباد کی کنکٹویٹی ہے۔ گورنر نے ہندوستان کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ دانشوروں اور نامور شخصیات نے ہندوستان کے دستور کو بنایا ہے جن میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا ناقابل فراموش رول ہے، اسی آئین کے مطابق علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میں آئی ہے، تلنگانہ کی بھی اپنی ایک منفرد تاریخ ہے۔ اس موقع پر گورنر نے مشہور میوزک ڈائرکٹر ایم ایم کیروانی ، فلمی نغمہ نگار چندر بوس، بالا لتا، اے سریجا کے علاوہ دوسروں کو تہنیت پیش کی۔ قبل ازیں گورنر نے پولیس پریڈ میں سلامی لی اور راج بھون میں پرچم کشائی انجام دی۔ سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر شہید نوجوانوں کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا۔ن