نئے سکریٹریٹ اور اسمبلی عمارت کیلئے آج سنگ بنیاد

,

   

چیف منسٹر کے سی آر سکریٹریٹ کے ڈی بلاک سے متصل علاقہ میںتعمیری کام کا افتتاح کریں گے

حیدرآباد۔/26 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے موجودہ سکریٹریٹ مقام پر ایک نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے کل 27 جون کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کیلئے مکمل تیاریاں چل رہی ہیں۔ چیف منسٹر اڈمنسٹریٹیو بلاک کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد نئے اسمبلی کامپلکس کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ایک مرتبہ ڈیزائنس کو قطعیت دیئے جانے کے بعد موجودہ سکریٹریٹ میں واقع پرانی عمارتوں میں سے بعض کو ضرورت کی بنیاد پر منہدم کیا جائے گا۔ عہدیداروں نے کہا کہ نئے سکریٹریٹ کیلئے کل صبح چیف منسٹر ڈی بلاک سے متصل کھلی اراضی پر سنگ بنیاد رکھیں گے اس کے بعد اسمبلی کامپلکس کیلئے بھی سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ تلنگانہ کابینہ نے وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی کی زیر قیادت ایک وزارتی گروپ تشکیل دیا ہے جو نئے سکریٹریٹ اور اسمبلی کامپلکسوں کی تعمیر کی نگرانی کرے گا۔ واستو پر یقین رکھنے والے چیف منسٹر کے سی آر نے اپنی پانچ سالہ حکمرانی کے دوران صرف ایک یا دو مرتبہ موجودہ سکریٹریٹ کا دورہ کیا تھا۔ کے سی آر نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ موجودہ کامپلکس میں تمام عمارتوں کا جائزہ لینے کے بعد ہی نئی عمارتوں کیلئے پرانی عمارتوں کو منہدم کیا جائے گا۔ کابینہ نے نئے سکریٹریٹ کی عمارت کے ڈیزائن کو منظور کرنے کیلئے چیف منسٹر سے رجوع کیا ہے۔ نیا سکریٹریٹ 4 لاکھ اسکوائر فیٹ پر تعمیر کیا جائے گا اور اس کے لئے 400 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ مجوزہ نئے قانون ساز اسمبلی کامپلکس کی تعمیر کیلئے ایرم منزل کو منتخب کیا جائے گا اور یہاں اسمبلی کی نئی عمارت کے علاوہ کونسل ہالس، سنٹرل ہالس تعمیر کئے جائیں گے جس پر 100 کروڑ کی لاگت آنے کی توقع ہے۔ آندھرا پردیش نے گزشتہ ہفتہ ہی تمام 4 بلاکس کو چندر شیکھر راؤ زیر قیادت حکومت کے حوالے کیا تھا۔ حکمراں پارٹی ٹی آر ایس آئندہ 2023 اسمبلی انتخابات میں دوبارہ کامیابی کیلئے ابھی سے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ پیر کو تمام اضلاع میں پارٹی دفاتر کیلئے سنگ بنیاد رکھے گئے۔ جمعرات سے پارٹی رکنیت سازی مہم شروع کرے گی۔