نئے صدر امریکہ جوزف بائیڈن اور نائب صدر کملاہیریس کا حلف

,

   

واشنگٹن: جوزف بائیڈن چہارشنبہ کو امریکہ کے 46 ویں صدر بن گئے۔ 78 سالہ بائیڈن کو یو ایس سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے کیپٹل بلڈنگ میں صدارتی حلف دلایا۔ بائیڈن نے اپنی فیملی کی 127 سال قدیم مقدس کتاب انجیل پر ہاتھ رکھ کر عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔ بائیڈن 1972ء میں ڈیلوارے سے سب سے کم عمر سینیٹر کے طور پر منتخب ہوئے اور 6 مرتبہ رکن سینیٹ منتخب ہوتے رہے
تھے۔ وہ عوامی زندگی میں تقریباً 5 دہے گزار چکے ہیں۔ ساتھ ہی 56 سالہ کملا دیوی ہیریس کو ملک کی اولین خاتون نائب صدر کی حیثیت سے حلف دلایا گیا ۔ وہ امریکہ میں دوسرے طاقتور ترین منصب پر فائز ہونے والی پہلی ہندوستانی ہیں۔ بائیڈن کو واشنگٹن میں گزشتہ دنوں یو ایس کیپٹل (پارلیمنٹ ہاؤس) میں پرتشدد احتجاج اور سیکوریٹی اندیشوں کے تناظر میں سخت صیانتی انتظامات کے درمیان امریکہ کے اگلے صدر کی حیثیت سے حلف دلایا گیا۔ امریکی دارالحکومت میں لاک ڈاؤن جیسی صورتحال تھی اور زائد از 25 ہزار سپاہی اور پولیس پرسونل کو سیکوریٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔ بائیڈن نے حلف برداری کے بعد اپنی پہلی تقریر میں اس موقع کو جمہوریت کی فتح قرار دیا۔ انہوں نے کہا : ’’آج میں پوری طرح وقف ہوگیا ہوں کہ امریکہ کو متحد اور یکجا رکھوں، ہمارے عوام کو متحد کروں اور ہماری قوم کو یکجٹ تناؤ۔‘‘ اس موقع پر بائیڈن نے کملاہیریس کا تذکرہ بھی کیا جو اولین خاتون نائب صدر امریکہ بنی ہیں۔ بائیڈن نے کہا کہ آج کملا ہیریس امریکی تاریخ میں پہلی خاتون وائس پریسیڈنٹ بن چکی ہیں۔ لہٰذا ایسا مت کہئے کہ حالات نہیں بدل سکتے۔ صدارتی حلف برداری کی تقریب میں اس مرتبہ معمول کے برخلاف کم تعداد میں مدعوئین نظر آئے کیونکہ کوروناوائرس کے پیش نظر احتیاطی اقدامات لاگو ہیں۔ نائب صدر کملاہیریس نے 61 سالہ مائیک پینس کی جگہ لی ہے جبکہ بائیڈن صدارتی عہدہ پر ڈونالڈ ٹرمپ کے جانشین بنے ہیں۔ کملاہیریس کو سپریم کورٹ جج جسٹس سونیا سوتومارے نے عہدہ کا حلف دلایا۔ ٹرمپ نومبر میں صدارتی انتخابات کے بعد سے مسلسل الزام لگاتے رہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے۔ چند روز قبل ہی انہوں نے بادل ناخواستہ صدارتی انتظامیہ کو نئے صدر کی ٹیم کو سونپنے سے اتفاق کیا۔ تاہم ان کی ناراضگی اسی وقت ظاہر ہوگئی جب انہوں نے حلف برداری تقریب میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا
تھا۔ آج سبکدوش صدر ٹرمپ شریک حیات میلانیا کے ہمراہ وائیٹ ہاوس سے روانہ ہوگئے اور انہوں نے صدارتی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ثابت ہوا جس کی زائد از 150 سالہ امریکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ البتہ سبکدوش نائب صدر مائیک پینس نے بائیڈن کی صدارتی حلف برداری تقریب میں اپنی شریک حیات کیرن پینس کے ہمراہ شرکت کی۔