نئے قانون شہریت پر بی جے پی کی شعور بیداری مہم کا فیصلہ

,

   

اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدوں کے جواب میں بی جے پی کا اقدام۔ شہریت بل کسی طبقہ کیخلاف نہیں،حکمراں جماعت کا ادعا

نئی دہلی 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شہریت ترمیمی بل کے مسئلہ پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکمراں جماعت بی جے پی پر شدید تنقیدوں کے بعد بی جے پی نے ملک بھر میں شہریت بل کے حوالہ سے عوامی شعور بیداری مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عام طور پر ملک میں یہ عوامی تاثر پایا جارہا ہے کہ بی جے پی حکومت معاشی، سماجی اور ملک کے دیگر بنیادی مسائل کے محاذ پر ناکامی کو چھپانے کے لئے غیر ضروری طور پر حساس مسائل کو موضوع بحث بنارہی ہے تاکہ عوامی توجہ کو اصل بنیادی مسائل سے ہٹایا جاسکے۔ تاہم بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ شہریت ترمیمی بل سے عوام کو ہونے والے فائدے اور اُس کی اہمیت سے آگاہ کروانا اُن کا فرض ہے اور اُس مقصد کے تحت ملک بھر میں عوامی شعور بیداری مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ مغربی بنگال بی جے پی صدر دلیپ گھوش نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں عوام میں شہریت ترمیمی بل کے حوالہ سے غلط فہمی پیدا کررہی ہیں۔ بی جے پی نے الزام عائد کیاکہ اپوزیشن جماعتوں کا یہ پروپگنڈہ بھی غلط ہے کہ سٹیزن شپ ایمینڈمنٹ بل کسی مخصوص طبقہ کے خلاف ہے۔ دلیپ گھوش نے کہاکہ بی جے پی نے عوام میں اِس حوالہ سے لٹریچر اور ضروری مواد پر مبنی کتابچہ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے تخمینہ کرتے ہوئے بتایا کہ اِس بل کی وجہ سے کم از کم 2 کروڑ افراد کو فائدہ ہوگا جنھیں شہریت ترمیمی بل کے تحت شہریت دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ مختلف جگہوں پر ہفتہ کے دن سے اِس مہم کا آغاز کردیا جائے گا۔ شہریت ترمیمی ایکٹ کے مطابق ایسے افراد جو 3 مسلم ممالک پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش سے مذہبی بنیاد پر ستائے جانے کے بعد ہندوستان آئے ہوں اُنھیں اِس بل کے تحت شہریت دی جائے گی۔ اِس بل میں وضاحت کردی گئی ہے کہ مذکورہ ممالک کے ہندو، سکھ، بدھسٹ، جین، پارسی اور کرسچین کمیونٹی کے افراد جو 31 ڈسمبر 2014 ء تک ہندوستان میں داخل ہوچکے ہیں اور جنھیں مذہبی اقلیت ہونے کی بنیاد پر اِن ممالک میں ستائے گئے ہیں اُنھیں ہندوستانی شہریت دی جائے گی۔ بی جے پی نے لکھنؤ میں بھی اِسی موضوع پر عوامی اجلاس کا اہتمام کیا ہے جہاں پر شہریت ترمیمی بل کے بارے میں عوامی شعور بیداری مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اترپردیش بی جے پی جنرل سکریٹری وجئے بہادر پاٹھک نے کہاکہ بی جے پی اِس مہم کے ذریعہ اپوزیشن کے پروپگنڈے کا دفاع کرے گی اور عوام کو بتائے گی کہ یہ بِل کسی مخصوص کمیونٹی کے خلاف نہیں ہے۔