نظام آباد میں ہنومان جینتی جلوس کے موقع پر اشرار کی سنگباری

,

   

مسلمانوں کی دوکانوں اور مکانات کو نشانہ بنایا گیا ۔ سخت کارروائی کرنے کمشنر پولیس کا تیقن
نظا م آباد :19 ؍ اپریل ( سیاست نیوز)شہر نظام آباد کی پرُ امن فضاء کومکدر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بی جے پی ، آرایس ایس ، سنگ پریوار ، بجرنگ دل کے شرپسندوں نے ہنومان جینتی کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے موقع پر مسلم دکانات ، گھروں ، گاڑیوں کو نشانات بناتے ہوئے پتھرائو کیا جس کے باعث حالات کشیدہ ہوگئے ۔ اطلاع کے ملتے ہی پولیس کمشنر مسٹر کارتیکیا پولیس کی بھاری جمعیت کے ساتھ یہاں پہنچ کر حالات کوقابو میں کیا ۔ تفصیلات کے بموجب آج شہر نظام آباد میں ہنومان جینتی کے موقع پر بڑے پیمانے پر جلوس نکالا گیا یہ جلوس شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے نہروپارک ، اعظم روڈ سے ہوتے ہوئے ملا اشرف مسجد کے روبرو سے گذر رہا تھا کہ اشرار نے اعظم روڈ پر واقع دونوں جانب مسلم دکانات و مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے گالی گلوج کی اور پتھرائو کرنا شروع کیا اور اس علاقہ میں موجود گاڑیوں اور دکانات کے علاوہ گھروں پر بھی سنگباری کی گئی ۔

پولیس کی جانب سے شام 5 بجے سے ہی علاقہ کی تمام دکانات کو بند کرنے کی ہدایت دی تھی پولیس کی ہدایت پر دکانداروں نے 5 بجے سے کاروبار کو بند کردیا تھا جس کے باوجود اشرار نے مسلم دکانات و مکانات کو نشانہ بناکر سنگباری کی ۔ پولیس کی موجودگی میں اشرار نے پرواہ کئے بغیر فضاء کو مکدر کرنے کی بھر پور کوشش کی ۔ مسلم علاقہ میں سنگ باری کے اطلاع کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے اور مسلم قائدین یہاں پہنچ کر حالات کا جائزہ لینا شروع کیا تو پولیس کمشنر کارتیکیا پولیس کی بھاری جمعیت کے ساتھ پہنچ کر ان قائدین سے بات چیت کی اور صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی اور کہا کہ سی سی کیمرہ کے فوٹیج کی بنیاد پر تمام افراد پر مقدمات درج کروائے جائیں گے اور عوام سے پرُ امن رہنے کی خواہش کی ۔ پولیس کمشنر مسٹر کارتیکیا نے بتایا کہ شرپسند نے حالات کو مکدر کرنے کوشش کی تھی پولیس نے فوری حرکت میں آ کر حالات کو قابو میں کرلیا ہے اور اشرار کے خلاف کارروائی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ جن افراد کے دکانات ، مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا یہ تمام افراد IIٹائون پہنچ کر پولیس میں شکایت کی اس واقعہ کے بعد اس علاقہ میں پولیس پیاکٹس تعینات کئے گئے اور حالات مکمل قابو میں ہے ۔