نظام آباد ‘ کورونا متاثر فرد کی نعش آٹو سے منتقل کی گئی

,

   

حیدرآباد۔ کورونا وباء کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نظام آباد میں کورونا سے متاثر مریض کے فوت ہوجانے کے بعد اس کے رشتہ داروں نے نعش کو ایک آٹو رکشا میں دفن کیلئے منتقل کیا ۔ رشتہ دار اس کی نعش ایک رشتہ دار کی مدد سے سرکاری دواخانہ سے حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔ جو ابتدائی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کو پیش آیا تھا تاہم اس کے مکمل حقائق ایک تفصیلی تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہونگی ۔ دواخانہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ مریض جمعرات کی رات میں علاج کے دوران فوت ہوگیا تھا ۔ کورونا وباء کے رہنما خطوط نعشوں کے دفن اور آخری رسومات کیلئے جاری کردہ ہیں۔ ان کے مطابق نعشوں کو ایک ایمبولنس میں پولیس گاڑی کے ساتھ روانہ کیا جاتا ہے ۔ تاہم اس معاملہ میں مریض کے افراد خاندان نعش کو یہ کہتے ہوئے حاصل کرگئے کہ ایمبولنس آنے میں تاخیر ہوگی ۔ اس خاندان کے ایک رشتہ دار نے نعش حاصل کرنے میں مدد کی جو کسی نہ کسی کام سے اکثر دواخانہ آتے رہتے ہیں۔ عہدیدار کے بموجب اس خاندان کاتعلق بھیمگل گاوں سے ہے لیکن میت کی تدفین نظام آباد ہی میں کردی گئی ۔ عہدیدار نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اس واقعہ کیلئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہونے پائے ۔