نفرت کرنے والے دشمن کیخلاف لڑائی میں غفلت و گنجائش نہیں: کووند

,

   

تبلیغی جماعت کا اجتماع اور مہاجر مزدوروں کی جمع بندی سے کورونا کیخلاف لڑائی کو دھکا

نئی دہلی 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے پرانی دہلی کی بستی حضرت نظام الدینؒ میں تبلیغی جماعت کے اجتماع اور آنند وہار میں دیگر ریاستوں سے نقل مقام کرنے والے مزدوروں و محنت کشوں کے اژدہام پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ کورونا وائرس کے مکمل خاتمہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو ان دونوں واقعات سے زبردست دھکہ لگا ہے۔ راشٹراپتی بھون سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر کووند نے گورنرس اور لیفٹننٹ گورنرس سے ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران کوئی بھوکا نہ رہے۔ صدارتی صحافتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’کاکنفرنس میں اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا کہ اب نظر نہ آنے والے دشمن (کورونا وائرس جراثیم) کے خلاف لڑائی میں کسی قسم کی کوئی غفلت، لاپرواہی اور کوتاہی نہ کی جائے۔ اس ضمن میں صدرجمہوریہ نے ملک کے بعض حصوں میں ڈاکٹروں، طبی عملہ کے ارکان، پولیس و سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کے چند واقعات پر گہری تشویش ظاہر کی۔ صدر ہند نے کہاکہ ملک نے اس ہلاکت خیز وباء کے خلاف مثالی، جرأتمندی، حوصلہ، ڈسپلن و یگانگت کا مظاہرہ کیا ہے۔ سماجی فاصلہ کے ضمن میں کسی مفاہمت کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔