وارناسی میں مودی ۔ پرینکا مقابلہ کی قیاس آرائیاں

,

   

وزیر اعظم 26 اپریل کو پرچہ نامزدگی داخل کرینگے ۔ حلقہ میں دو دن روڈ شو کا بھی منصوبہ

نئی دہلی 14 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی امکان ہے کہ اترپردیش میں وارناسی لوک سبھا حلقہ سے 26 اپریل کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرینگے ۔ مودی 25 اور 26 اپریل کو اپنے حلقہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ وہ دونوں ہی دن وارناسی میں روڈ شو منعقد کرینگے ۔ وہ کاشی وشواناتھ مندر جائیں گے اور دشاشوا میدھ گھاٹ کا دورہ کرینگے ۔ وارناسی میں لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے میں 19 مئی کو رائے دہی ہونے والی ہے اور اس تعلق سے قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ کانگریس سے وارناسی کا ٹکٹ کسے دیا جائیگا ۔ کانگریس نے کل یو پی کے 9 امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی لیکن اس نے وارناسی سے اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ کانگریس صدر راہول گاندھی امیٹھی سے اور یو پی اے کی صدر نشین سونیا گاندھی رائے بریلی سے انتخاب لڑ رہی ہیں۔ یہ افواہیں گرم ہیں کہ کانگریس پارٹی وارناسی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے مقابلہ میں پرینکا گاندھی کو میدان میں اتار سکتی ہے ۔ پرینکا گاندھی کچھ ہفتے قبل ہی سرگرم سیاست میں داخل ہوئی ہیں اور انہیں کانگریس نے پارٹی جنرل سکریٹری مقرر کرتے ہوئے مشرقی اترپردیش کی انچارچ مقرر کیا ہے ۔ وارناسی سے پہلے ہی جسٹس کرنن بھی میدان میں ہیں جو کولکتہ اور مدراس ہائیکورٹ کے جج رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بھیم آرمی کے بانی چندر شیکھر آزاد نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ مودی کے خلاف مقابلہ کرینگے ۔

اس حلقہ سے ایس پی ۔ بی ایس پی کے کسی طاقتور امیدوار کی تلاش بھی جاری ہے ۔ چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ وہ بحیثیت آزاد امیدوار وارناسی سے مقابلہ کرینگے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ اس حلقے سے ایسا کوئی امیدوار کامیابی حاصل کرے جو ملک کو کمزور کر رہا ہے ۔علاوہ ازیں بی ایس ایف کا ایک جوان تیج بہادر یادو بھی اس حلقہ سے مقابلہ پر غور کر رہا ہے جسے 2017 میں بی ایس ایف سے برخواست کردیا گیا تھا ۔ علاوہ ازیں ٹاملناڈو کے 111 امیدوار بھی وزیر اعظم کے خلاف مقابلہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاہم انہوں نے بی جے پی صدر امیت شاہ سے ملاقات کے بعد اس منصوبہ کو خیرباد کہہ دیا ہے ۔