ورلڈ کپ ٹیم میں ’نمبر 4اور ایکس فیکٹر‘پر نگاہیںمرکوز

   

ممبئی۔ 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 ء کے لیے پیر کو ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اپنی ٹیم کا اعلان کرے گا اور تمام نگاہیں بلے بازی آرڈر میں ‘چوتھے نمبر’ کے پلیئر اور ‘ایکس فیکٹر’ پر لگی رہیں گی۔بی سی سی آئی کے چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد کی صدارت والی پانچ رکنی کمیٹی ممبئی میں بی سی سی آئی کے ہیڈ کوارٹر میں پیر کو عالمی کپ ٹیم کا اعلان کرے گی اگرچہ پرساد اور کپتان وراٹ کوہلی کے مطابق ٹیم کو تقریبا منتخب کیا جا چکا ہے اور اس میں ایک یا دو مقامات کے لیے ہی کشمکش ہوگی۔پرساد اور وراٹ پہلے ہی اشارہ دے چکے ہیں کہ آئی پی ایل -12 کی کارکردگی عالمی کپ ٹیم کے انتخاب میں معنی نہیں رکھے گا۔ پرساد نے حال ہی میں کہا تھا کہ 20 کھلاڑیوں کا پول منتخب کیا جا چکا ہے جن میں سے 15 منتخب ہونا ہے ۔ پرساد کے قیادت والے سلیکشن پینل کے دیگر رکن سرندیپ سنگھ، دبانگ گاندھی، جتن پرانجپے اور گگن کھوڑا ہیں۔ٹیم پیر کو چنی جائے گی اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل میں عالمی کپ کی ٹیموں کو 23 مئی تک اپنی آخری ٹیم میں تبدیلی کی اجازت دے رکھی ہے ۔ عالمی کپ کا انعقاد 30 مئی سے انگلینڈ میں ہونا ہے اور انگلینڈ وہی جگہ ہے جہاں ہندستان نے پہلی بار 1983 میں کپل دیو کی کپتانی میں ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ ہندستان نے دوسری بار 2011 میں اپنی میزبانی میں یہ خطاب اپنے نام کیا تھا۔اگرچہ گزشتہ کافی عرصے سے ٹیم مجموعہ کو لے کر سلیکٹرز میں کشمکش چل رہی تھی جبکہ کپتان وراٹ بھی مختلف سیریز میں مختلف مجموعہ کو لے کر تجربہ کر چکے ہیں جن میں مڈل آرڈر میں چوتھے نمبر پر بلے باز کو لے کر صورتحال اب بھی صاف نہیں ہے ۔آسٹریلیا کے ساتھ ہندستانی ٹیم کے گھریلو میدان پر گذشتہ ماہ ہوئی ون ڈے سریز آئی سی سی ٹورنامنٹ سے پہلے آخری بین الاقوامی سریز بھی تھی جس میں وراٹ نے بھی بہت سے تجربے کئے تھے ، باوجود اس کے ہندستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-3 سے شکست کھانی پڑی تھی جبکہ اس سے پہلے ہندستان نے نیوزی لینڈ کو اس کے گھر میں 4-1 سے اور آسٹریلیا کو اسی کی زمین پر 2-1 سے شکست دی۔31 سالہ اسٹار بلے باز نے گھریلو سریز ہارنے کے بعد کہا تھا کہ اس شکست کے باوجود عالمی کپ ٹیم تقریبا طے ہے اور آخری وقت میں ایک آدھ تبدیلی ہی دیکھنے کو ملے گی۔ اوپننگ میں شکھر دھون اور روہت شرما کی جگہ پکی ہے اور لوکیش راہل کو متبادل اوپنر منتخب کیا جا سکتا ہے ۔ راہل نے اس آئی پی ایل میں اوپننگ میں کافی اچھی کارکردگی کی ہے ۔ شکھر نے بھی اپنے گزشتہ مقابلے میں ناٹ آوٹ 97 رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔