ورنگل میں 9 افراد کے قاتل مجرم کو پھانسی کی سزا

,

   

پولیس پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ، پولیس کمشنر پرمود کمار کی پریس کانفرنس

ورنگل : تلنگانہ بھر میں سنسنی پھیلانے والا واقعہ جس میں 9 افراد کو ہلاک کرنے کے کیس میں ورنگل کی عدالت نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو خاطی قرار دیا اور اس کو پھانسی کی سزاء سنائی ۔ ایک ہی شخص نے یہ واردات ورنگل کے گورے کنٹہ ، گیس گنڈہ میں انجام دی تھی ۔ کوویڈ 19 سے پیدا شدہ مسائل کے باوجود اس واقعہ کی جانچ کرنے والے عہدیداروں نے اس مقدمہ کی سماعت جلد مکمل ہونے کو یقینی بنایا اور فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ورنگل کورٹ نے آج یہ فیصلہ سنایا ۔ اس مقدمہ کواپنی نوعیت کا منفرد قرار دیتے ہوئے سرکاری وکیل نے مجرم کو پھانسی کی سزا دینے کی درخواست کی تھی ۔ جاریہ سال 20 مئی کو ورنگل کے نواحی علاقہ گورے کنٹہ علاقہ کی باؤلی میں 9 نعشیں پائی گئی تھیں ۔ پولیس نے ملزم سنجے کمار کے خلاف 7 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے اس واردات کے 27 دن میں ہی 487 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ مقامی عوام نے مجرم کو پھانسی کی سزا سنائے جانے پر مسرت کا اظہار کیا ۔ مقتولین جو نقل مکانی کرنے والے مزدور تھے ان کی شناخت 50 سالہ مقصود عالم ان کی بیوی 45 سالہ نشا عالم، ان کے بیٹے 21 سالہ شہباز عالم ، 20 سالہ سہیل عالم ، بیٹی 22 سالہ بشری عالم ، بشری کے تین سالہ بیٹا کے علاوہ سری رام 35 سالہ، 40 سالہ شکیل اور 40 سالہ شیام کی حیثیت سے کی گئی۔عدالت نے 24 سالہ سنجے کمار یادو جس کو مجرم قرار دیتے ہوئے پھانسی کی سزا سنائی ۔ پولیس کمشنر پرمود کمارنے گیس گنڈہ پولیس اور تحقیقاتی ٹیم کواس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ ایسٹ زون انچارج ڈی سی پی وینکٹا لکشمی ، مامنور اے سی پی پی شیام سندر ، پبلک پراسکیوٹر ایم ستیا نارائنا ، اسسٹنٹ پراسیکوٹر محمد سردار ، گیس گنڈہ انسپکٹر شیوار رامیا، ایس آئی ناگاراجو ، عبدالرحیم ، کورٹ کانسٹبل لنگیا پروت گیری ٹاسک فورس اور دیگر تحقیقات ٹیم نے فنگر پرنٹ ، ڈاگ اسکواڈ ، ڈی این اے سی سی ٹی وی فوٹیج پوسٹ مارٹم رپورٹ و دیگر تمام زاویوں سے جانچ کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کی ۔ جج جیا کمار نے تمام شواہد کی بناء اور مجرم کے اقبال جرم پر فیصلہ سنایا ۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ مجرم اس واردات سے قبل ایک خاتون جو مقتولین کی رشتہ دار ہے کا بھی قتل کیا تھا۔ اس ایک قتل کو چھپانے کیلئے 9 افراد کو اس نے ہلاک کیا ۔ مجرم سنجے کمار یادو کو فیصلہ سنانے کے بعد ورنگل سنٹرل جیل منتقل کیا گیا۔