وزیراعظم مودی کا آج ہوسٹن میں استقبال، ہندوستانیوں سے خطاب

,

   

ہند۔ امریکی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی مساعی، ہندوستانی نژاد امریکیوں کی کار ریالی، این آر جی اسٹیڈیم میں تیاریاں

ہوسٹن 21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہوسٹن میں ہندوستانی نژاد امریکیوں کی جانب سے وزیراعظم نریندر مودی کا کل بروز اتوار شاندار استقبال کیا جائے گا۔ “Howdy Modi” میگا تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اِس اسٹیڈیم میں 50 ہزار افراد شرکت کریں گے۔ یہ مجمع امریکہ کا دورہ کرنے والے کسی بھی بیرونی قائد کے لئے اپنی نوعیت کا سب سے پہلا مجمع ہوگا۔ 3 گھنٹے کی ہوڈی موڈی تقریب صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ بھی وزیراعظم مودی کے ساتھ شریک رہیں گے۔ یہ تقریب ہوسٹن کے این آر جی فٹبال اسٹیڈیم میں منعقد کی جارہی ہے۔ یہ اسٹیڈیم امریکہ کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں سے ایک ہے۔ ہندوستانی سفیر ہرش وی شرنگلے بھی ہندوستانی نژاد امریکیوں کی ٹیم میں شامل ہوکر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 500 والینٹرس دن رات کام کرتے ہوئے اِس تقریب کو یادگار بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ زایداز 200 کاروں کے ساتھ ہندوستانی اور امریکی پرچموں کو لہراتے ہوئے ایک پُراثر کار ریالی نکالی گئی۔ اِس کار ریالی کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کو غیرمعمولی فروغ دینا ہے۔ منتظمین اور والینٹرس نے “NAMO AGAIN” شرٹس تیار کرکے تقسیم کرنے شروع کئے ہیں۔ ٹیکساس انڈیا فورم کے ترجمان کریتی دورا، گتیش دیسائی اور رشی بھٹودا نے بتایا کہ ہوسٹن کو اِس بڑے ہندوستانی برادری کے جلسہ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ امریکہ اور ہندوستان کے اتحاد اور باہمی ثقافت کا ایک عظیم الشان مظہر ہوگا

جس میں وزیراعظم مودی ہند ۔ امریکی تعلقات کے بارے میں اظہار خیال کریں گے۔ پہلی مرتبہ دنیا کی دو بڑی جمہوریتوں کے قائدین شہ نشین پر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ ہند ۔ امریکی تعلقات ایک نئی سطح کو پہونچ رہے ہیں۔ صدر امریکہ ٹرمپ کی اِس تقریب میں شرکت سے واضح ہوتا ہے کہ وہ ہندوستان اور ہندوستانی برادری کے ساتھ خیرسگالی و دوستانہ جذبہ رکھتے ہیں۔ وزیراعظم مودی ایک ہفتہ طویل دورہ پر پہونچ رہے ہیں۔ وہ اِس جلسہ کے علاوہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے اور صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ سے بھی باہمی ملاقات کریں گے۔ امریکی ریاست ٹیکساس میں ہندوستانی نژاد امریکیوں کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے اور یہاں پر تجارت میں بھی ہندوستانیوں کا اہم رول رہا ہے۔ تقریباً 7 بلین امریکی ڈالر پر مبنی تجارت کی جاتی ہے۔ بعض بڑی کمپنیوں نے ٹیکساس بھر میں اپنے ہیڈکوارٹرس قائم کئے ہیں جہاں امریکیوں اور ہندوستانی امریکیوں کے لئے روزگار کے وسیع تر مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ این آر جی اسٹیڈیم کے باب الداخلہ صبح 6 بجے کھول دیئے جائیں گے جہاں پر 50 ہزار افراد صبح 9 بجے تک اپنی نشست سنبھال لیں گے۔ اس موقع پر ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جائے گا۔