وزیراعظم مودی کے طیارہ کو پاکستانی خلائی حدود سے گزرنے کی اجازت

,

   

شنگھائی تعاون تنظیم کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے حکومت ِپاکستان کی اُصولی منظوری
لاہور ۔ /11 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے وزیراعظم نریندر مودی کے طیارہ کو اس کے فضائی حدود سے گزرتے ہوئے بشکیک روانگی کیلئے ہندوستان کی درخواست کو اصولی طور پر منظوری دیدی ہے ۔ پاکستان کے ایک سینئر عہدیدار نے ہندوستان کی درخواست کی منظوری کی یہ اطلاع دی اور امید ظاہر کی کہ امن مذاکرات کیلئے اسلام آباد کی پیشکش پر مثبت ردعمل کا اظہار کرے گا ۔ ہندوستان نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ وزیراعظم مودی کے طیارہ کو اس کے خلائی حدود سے گزرنے کی اجازت دی جائے جو /13 اور /14 جون کو کرغزستان میں منعقد شدنی شنگھائی تعاون تنظیم کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے بشکیک روانہ ہورہے ہیں ۔ پاکستان کے وزیراعظم عمر ان خان بھی اس علاقائی تنظیم کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں ۔ واضح رہے کہ بالا کوٹ میں جیش محمد کے مبینہ دہشت گرد کیمپ پر ہندوستانی فضائیہ کی طرف سے /26 فبروری کو کئے گئے سرجیکل حملوں کے بعد پاکستان نے اپنے خلائی حدود کو مکمل طور پر بند کردیا تھا جس کے بعد سے اس نے صرف دو فضائی راستے کھلے رکھا تھا ۔جو دونوں ہی جنوبی پاکستان سے گزرتے ہیں ۔ پاکستانی عہدیداروں نے پی ٹی آئی سے بات چیت کے دوران توثیق کی کہ عمران خاں کی حکومت نے وزیراعظم نریندر مودی کے طیارہ کو پاکستانی خلائی حدود سے گزرتے ہوئے بشکیک روانہ ہونے کیلئے ہندوستان کی درخواست کو اصولی طور پر منظوری دیدی ہے ۔ اس عہدیدار نے کہا کہ ’ ضابطہ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد حکومت ہند کو اس فیصلے سے باخبر کردیا جائے گا ۔شہری ہوا بازی اتھاریٹی کو بھی ضروری ہدایات دی جائیں گی ‘ ۔ اس عہدیدار نے کہا کہ پاکستان امید کرتا ہے کہ امن مذاکرات شروع کرنے کے لئے اس کی پیشکش پر ہندوستان کی طرف سے مثبت ردعمل کا اظہار کیا جائے گا ۔ حالانکہ یہ واضح ہوچکا ہے کہ ان دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی بشکیک میں باہمی ملاقات نہیں ہوگی ۔