وزیراعظم کو قلیل مدتی اسکیم ’ اگنی پتھ‘ کو واپس لینا ہو گا: راہول

,

   

نئی دہلی : فوج میں قلیل مدتی بھرتی کی نئی اگنی پتھ اسکیم کو ملک اور فوج کے ساتھ مودی حکومت کی نئی دھوکہ قرار دیتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو یہ اسکیم واپس لینا پڑے گا۔ انہوں نے نیشنل ہیرالڈ اخبار سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ان سے پانچ روزہ طویل پوچھ گچھ کے دوران یکجہتی کا اظہار کرنے پر کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا۔کانگریس ہیڈکوارٹر میں موجود سینئر کانگریس لیڈروں، ایم پیز اور ایم ایل ایز سے خطاب کرتے ہوئے راہول نے یہ بھی کہا کہ ای ڈی کا ان سے پوچھ گچھ ایک چھوٹا معاملہ ہے کیونکہ بیروزگاری اور اگنی پتھ جیسے نام نہاد اسکیم آج کے سب سے اہم مسائل ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا معاملہ چھوٹا ہے، سچ پوچھیں تو یہ ضروری بھی نہیں ہے۔ آج سب سے اہم چیز بیروزگاری ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔پی ایم مودی نے اس کی کمر توڑ دی ہے۔ میں مہینوں سے یہ کہہ رہا ہوں۔راہول نے دعویٰ کیا کہ میں اپنے نوجوانوں کو بتا رہا ہوں جو ہر صبح فوج میں بھرتی ہونے کے لیے دوڑلگاتے ہیں، وزیر اعظم نے ملک کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی ہے اور یہ ملک اب روزگار نہیں دے سکے گا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ وزیر اعظم مودی نے ملک کو دو تین صنعت کاروں کے حوالے کر دیا ہے۔اگنی پتھ اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ حب الوطنی اور فوج میں جانے کا آخری راستہ وہ بھی ان لوگوں نے روک دیا۔ہم پہلے وَن رینک، وَن پنشن کی بات کرتے تھے، اب یہ نو رینک، نو پنشن ہو گئی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سکیم کے تحت بھرتی ہونے والے نوجوانوں کو چار سال کی سروس کے بعد فوج چھوڑنے پر ملازمت نہیں مل سکے گی۔راہول نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آج چینی فوج ہندوستان کی سرزمین پر بیٹھی ہے۔ چینی فوج نے ہم سے ایک ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ چھین لیا ہے، ایسے میں فوج کو مضبوط کرنا چاہیے لیکن حکومت فوج کو کمزور کر رہی ہے۔جب جنگ ہوگی تو اس کا نتیجہ نکلے گا،نتیجتاً ملک کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔