وزیر داخلہ محمود علی کورونا سے متاثر، علاج جاری، حالت مستحکم

   

حیدرآباد: وزیر داخلہ محمد محمود علی کو کورونا کے علاج کے سلسلہ میں شہر کے ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کل شام وزیر داخلہ کی طبیعت بگڑنے پر ڈاکٹروں کی ٹیم نے معائنہ کیا اور کورونا علامات پائے جانے پر ہاسپٹل منتقلی کا مشورہ دیا ۔ محمود علی کے علاوہ ان کے پوترے محمد فرقان احمد میں بھی کورونا پازیٹیو پایا گیا ۔ دونوں کو اپولو ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جہاں ماہر ڈاکٹرس کی نگرانی میں علاج جاری ہے۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ دونوں کی صحت مستحکم ہے اور جلد ہی وہ صحت یاب ہوجائیں گے۔ وزیر داخلہ کے فرزند محمد اعظم علی خرم میں کورونا علامات پائے جانے پر انہیں ہوم کورنٹائن کیا گیا تھا ۔ آج رات ان کو بھی اپولو ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ واضح رہے کہ چند دن قبل وزیر داخلہ کے سیکوریٹی عملہ کے پانچ ارکان میں کورونا پازیٹیو پایا گیا تھا ، اس کے باوجود محمود علی نے ہریتا ہرم پروگرام میں شرکت کی ۔ وزیر داخلہ کے اسٹاف کو ہوم کورنٹائن کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ٹی آر ایس کے تین ارکان اسمبلی کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔