وزیر داخلہ محمود علی کی تلگو دانی کی کونسل میں ستائش

,

   

۔2دن میں دو سرکاری زبانوں میں جواب
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج قانون ساز کونسل میں تلگو دانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدرنشین کونسل اور ارکان کو حیرت میں ڈال دیا۔ وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ کے سوال کا مکمل جواب محمود علی نے تلگو میں دیا جس پر صدرنشین اور دیگر ارکان نے ان کی ستائش کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیر داخلہ نے کل قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اردو میں جوابات دیئے تھے لیکن آج انہوں نے نہ صرف اصل جواب بلکہ ضمنی سوالات کا بھی تلگو میں جواب دیا اور اعداد و شمار بھی تلگو میں بتائے۔ وزیر داخلہ کی تلگو دانی پر کئی ارکان نے ستائش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ بعض ارکان نے کہا کہ وزیر داخلہ نے پہلی اور دوسری سرکاری زبان کا استعمال کیا ہے۔ اسمبلی میں انہوں نے دوسری سرکاری زبان اردو میں جوابات دیئے تھے جبکہ اپنے ایوان یعنی جس کے وہ رکن ہیں وہاں انہوں نے ریاست کی فرسٹ لینگویج تلگو میں جوابات دیئے۔ محمود علی نے پہلی مرتبہ 2014 میں وزارت میں شمولیت کے فوری بعد تلگو پر عبور حاصل کرلیا تھا جس کے نتیجہ میں وہ باآسانی تلگو بولنے اور پڑھنے لگے ہیں۔ کونسل میں آج انہوں نے ضمنی سوالات کا جواب جو تلگو میں تحریری نوٹ کی شکل میں تھا تیزی سے پڑھتے ہوئے ہر کسی کی ستائش حاصل کی۔