ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے پر حیدرآباد میں 15لاکھ ووٹ خارج ہوسکتے ہیں

,

   

فی الحال 2ووٹ رکھنے والے 5لاکھ رائے دہندوں کی نشاندہی۔ اخراج کا عمل شروع

حیدرآباد : /21 جون (سیاست نیوز) سنٹرل الیکشن کمیشن نے ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں ایک جامع ووٹر لسٹ مرتب کرنے کی مشق شروع کردی گئی ہے ۔ فہرست رائے دہندگان میں نئے ناموں کے اندراج کے علاوہ ایک سے زائد رہنے والے نام اور بوگس ناموں کے اخراج کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر ووٹر لسٹ کو آدھار کارڈ سے جوڑا جاتا ہے تو شہر حیدرآباد میں تقریباً 15 لاکھ ووٹس فہرست رائے دہندگان سے خارج ہوسکتے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گزشتہ سال 5 لاکھ رائے دہندوں کے ایک سے زائد نام فہرست رائے دہندگان میں شمار ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ریاست کے مختلف اضلاع کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاست آندھراپردیش اور دیگر ریاستوں کے لاکھوں لوگ روزگار ، کاروبار ، تجارت اور دیگر اغراض کی وجہ سے شہر حیدرآباد پہنچتے ہیں ۔ اس طرح شہر میں مقیم افراد کے حیدرآباد کے علاوہ ان کے آبائی مقامات کی فہرست رائے دہندگان میں نام شامل ہیں اگر ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کیا جاتا ہے تو اس تناظر میں انہیں کسی ایک مقام سے ووٹ دینے کا حق حاصل ہوگا ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار جب جی ایچ ایم سی کے کمشنر تھے انہوں نے تجربہ کے طور پر ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے جوڑنے کا کام کیا تھا ۔ تب 10 لاکھ ڈوپلیکٹ ووٹ ہونے کی نشاندہی ہوئی تھی اور بوگس ووٹوں کو فہرست رائے دہندگان سے خارج کرنے کے عمل کا آغاز بھی کیا گیا تھا ۔ تاہم سیاسی جماعتوں کی جانب سے بڑے پیمانے کی مخالفت کرنے پر اس عمل کو روک دیا گیا تھا ۔ اب ملک بھر میں ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کا عمل شروع ہورہا ہے ۔ اگر ریاست میں یہ عمل شروع ہوتا ہے تو حیدرآباد کی فہرست رائے دہندگان سے 15 لاکھ ووٹوں کا اخراج یقینی ہے ۔ رائے دہندوں کیلئے ان کے ووٹوں کو آدھار سے مربوط کرنا لازمی ہے ۔ اس کے لئے فارم 6B کی خانہ پوری کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کے پاس جمع کرانا ہوگا ۔ آدھار نہ رکھنے والے پاسپورٹ نمبر ، ڈرائیونگ لائیسنس نمبر یا پیان کارڈ نمبرات سے مربوط کریں ۔ ووٹر لسٹ میں نئے ناموں کا اندراج کرانے والوں کو آدھار کارڈ نمبر لازمی ہے ۔ وہ لوگ جو پہلے سے ووٹر لسٹ میں شامل ہیں انہیں اپنے آدھار نمبر سے مربوط کرانا ضروری ہے ۔ ن