ووٹ بینک کیلئے کچھ پارٹیوں نے زبان کا کھیل کھیلا:مودی

   

چکبالا پور: کرناٹک کے چکبالا پور میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو اپوزیشن پارٹیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ پارٹیوں نے ووٹ بینک کی سیاست کے لیے زبان کا کھیل کھیلا ہے اور الزام لگایا کہ یہ پارٹی گاؤوں، پسماندہ لوگوں اورغریبوں کو ڈاکٹر یا انجینئر بنتے نہیں دیکھنا چاہتی ہے ۔ مودی نے یہاں شری مدھوسودن سائی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ریسرچ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا، پہلے گاؤں، غریب، پسماندہ طبقوں کے نوجوانوں کے لیے ڈاکٹر بننا بہت مشکل تھا۔ اپنے سیاسی مفاد کے لیے کچھ پارٹیاں اپنے ووٹ بینک کی سیاست کے لیے زبانوں کا کھیل کھیل رہی ہیں لیکن زبانوں کو حقیقی معنوں میں مضبوط کرنے کے لیے جتناکام ہونا چاہیے تھا اتنا ابھی تک نہیں ہوا ہے ۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ حالانکہ کنڑ زبان ایک بھرپور زبان ہے لیکن سابقہ حکومتوں نے اس میں میڈیکل، انجینئرنگ اور تکنیکی تعلیم فراہم کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ اس نے غریب، دلت اور پسماندہ خاندانوں کو پیشہ ور بننے سے محروم کردیا۔