ٹرمپ کیخلاف امریکہ کے سابق 20 اٹارنی متحد

,

   

جوبیڈن کی تائید، صدر امریکہ قانون کی حکمرانی کیلئے خطرہ، ڈیموکریٹک امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل

واشنگٹن: امریکہ کے 20 سابق اٹارنیز جو تمام ری پبلیکن سے تعلق رکھتے ہیں، صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف متحد ہوگئے۔ اٹارنیز نے کہا کہ ٹرمپ ہمارے ملک میں قانون کی حکمرانی کیلئے خطرہ ہے۔ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار سابق نائب صدر جوبیڈن کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے امریکی عوام پر زور دیا کہ صدر ٹرمپ نے یہ واضح طور پر کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ جسٹس ڈپارٹمنٹ میں ان کی طرف سے مقرر کردہ افراد ان کی ذاتی خدمت کرتے ہوئے سیاسی مفادات کا تحفظ کریں گے ۔ سابق استغاثہ نے کھلے مکتوب میں ٹرمپ پر الزام عائد کیا کہ وہ انصاف کے مفادات کیلئے کھڑے ہونے والوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ اس مکتوب پر جن امریکی اٹارنیز نے دستخط کی ہیں ، ان میں فلوریڈا ، منی سوڈا ، اریزونا ، نیو میکسیکو ، ٹیکساس اور دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے اٹارنیز بھی شامل ہیں۔ دستخط کرنے والے ایک اٹارنی گرگروی بروور بھی شامل ہیںجنہوں نے ٹرمپ کے نظم و نسق میں ایف بی آئی اسسٹنٹ ڈائرکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھی۔ ٹرمپ مہم کے ترجمان نے سابق اٹارنیز کے اس مکتوب کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ لوگ گستاخی کر رہے ہیں۔ قبل ازیں امریکی صدارتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کو کئی ریاستوں میں سبقت لے جانے کی اطلاع ہے۔ ان کے حریف ڈیموکریٹک امیدوار جوبیڈن بھی بعض ریاستوں میں اچھا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ اسی دوران امریکی سنیٹ نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے سپریم کورٹ کی جج کیلئے نامزد ایمی کونی بیرٹ نے حلف لیا ہے۔