ٹی آر ایس امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا

,

   

کے کویتا نظام آباد ، نرسیا گوڑ بھونگیر، پربھاکر ریڈی میدک اہم امیدواروں میں شامل
حیدرآباد۔22مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی کے اہم امیدواروں نے آج اپنے حلقہ جات سے پرچۂ نامزدگی داخل کئے جن میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی دختر کے کویتا(نظام آباد) ‘ ڈاکٹر بی نرسیا گوڑ (بھونگیر) اور ایم پربھارکر ریڈی (میدک) شامل ہیں ۔ ایم پربھاکر ریڈی کے پرچۂ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر ٹی ہریش راؤ‘ جناب محمد فاروق حسین کے علاوہ دیگر موجود تھے جبکہ ڈاکٹر بی نرسیا گوڑ کے پرچۂ کے ادخال کے موقع پر ریاستی وزیر مسٹر جگدیش ریڈی موجود تھے۔ مسز کے کویتا کے ہمراہ نظام آباد کے سرکردہ قائدین موجود تھے۔ حلقہ میدک سے پرچۂ نامزدگی داخل کرنے والے ایم پربھاکر ریڈی کے پرچہ کے ادخال کے بعد مسٹر ہریش راؤ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی سربراہ نے نوجوان قائد کو میدک حلقہ سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی مرکز میں آئندہ حکومت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے والی جماعت ہوگی کیونکہ تلنگانہ کی تمام 16نشستوں سے تلنگانہ اسکی کامیابی یقینی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں حکومت کے طرز کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور اسی لئے ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ کے استعمال کے قوی امکان ہیں۔ مسٹر جگدیش ریڈی نے ڈاکٹر بی نرسیا گوڑ کے پرچۂ نامزدگی کے ادخال کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے سیاسی حالات یکسر تبدیل ہوچکے ہیں اور عوام کو اندازہ ہوچکا ہے کہ کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی عوام کو گمراہ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کرتی بلکہ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے حکمرانی ان جماعتوں کا طریقہ کار ہے۔

جگدیش ریڈی نے کہا کہ 2019 انتخابات میں علاقائی جماعتوں کی منفرد شناخت ہوگی اور اس میں سب سے اہم کردار تلنگانہ راشٹر سمیتی کا ہوگا۔ ڈاکٹر بی نرسیا گوڑ نے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی برادران کو ضلع نلگنڈہ بالخصوص بھونگیر کی ترقی پر مباحث کا چیالنج کیا اور کہا کہ دونوں بھائیوں نے علاقہ کی ترقی میں کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے جبکہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ٹی آر ایس علاقہ کی ترقی کیلئے مسلسل جدوجہد کررہی ہے۔ مسز کے کویتا نے پرچۂ نامزدگی کے ادخال کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی مجموعی ترقی اور مرکز میں حکومت سازی کے عمل میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کلیدی کردار اداکریگی اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کی کامیابی کو روکنے کی سازشوں کو خود عوام ناکام بنانے والے ہیں اسی لئے اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ایسی کوششیں کر رہی ہیں جو کہ اوچھی سیاست کہلاتی ہے۔ تلنگانہ کی ترقی اور مرکز میں کلیدی کردار کا دعوی کرکے کے کویتا نے کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی اپنے مشن پر کام کر رہی ہے اور ٹی آر ایس کا مشن تلنگانہ اور تلنگانہ عوام کی خوشحالی اور ترقی ہے۔