پانچ سال بعد کے سی آر کو کرپشن کا خیال آیا: جیون ریڈی

,

   

کالیشورم اور مشن بھگیرتا میں چیف منسٹر کو کمیشن، کرپشن کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ
یدرآباد ۔ 21 ۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ پانچ برسوں بعد آخر کار چیف منسٹر کو نظم و نسق میں بڑے پیمانہ پر دھاندلیوں اور کرپشن کا احساس ہونے لگا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ کلکٹر کانفرنس میں چیف منسٹر نے نظم و نسق میں کرپشن سرائیت کر جانے کا ذکر کیا اور عہدیداروں پر برہمی ظاہر کی ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی پانچ برسوں سے مختلف اسکیمات میں کرپشن اور بے قاعدگیوں کے بارے میں حکومت کی توجہ مبذول کرا رہی ہے لیکن کے سی آر نے کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نچلی سطح سے نہیں بلکہ اعلیٰ سطح سے چل رہا ہے۔ کرپشن کے خاتمہ کے لئے ضروری ہے کہ اعلیٰ سطح پر پہلے کنٹرول کیا جائے، جب تک اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کرپشن سے دور نہیں ہوں گے ، اس وقت تک نچلی سطح کے عہدیداروں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اعلیٰ سطح کے کرپشن کے لئے عہدیداروں کو ذمہ دار قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسا راجہ ویسی پرجا کے مطابق جب تک حکومت کا سربراہ کرپشن سے پاک نہیں ہوتا ، اس وقت تک ملازمین اور عہدیداروں سے بہتر کارکردگی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ کالیشورم پراجکٹ اور مشن بھگیرتا میں بڑے پیمانہ پر کرپشن سے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ چیف منسٹر نے مشن بھگیرتا کے تحت گھر گھر پانی کی سربراہی کے بغیر دوبارہ ووٹ نہ مانگنے کا اعلان کیا تھا۔ اسمبلی ، لوک سبھا اور مجالس مقامی مجالس مقامی کے انتخابات ہوگئے لیکن آج تک مکانات کو پائپ لائین کے ذریعہ پانی کی سربراہی کا وعدہ مکمل نہیں ہوا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ مشن بھگیرتا محض کمیشن کے حصول کے لئے شروع کی گئی اسکیم ہے جس کے ذریعہ عوام پر 50,000 کروڑ کا زائد بوجھ عائد کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے 4000 کروڑ کے کام نامینیشن کی بنیاد پر منظور کئے گئے جبکہ کوئی بھی کام اگر 100 کروڑ سے زائد کا ہو تو اسے گلوبل ٹنڈر طلب کرتے ہوئے الاٹ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں بڑے پیمانہ پر کرپشن کا الزام عائد کر رہی ہے ۔ اگر بی جے پی اپنے الزامات میں سنجیدہ ہے تو اسے کرپشن کی سی بی آئی تحقیقات کا اعلان کرنا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر کسی ریاست میں بدعنوانیاں عروج پر ہوں تو روکنا مرکز کی ذمہ داری ہے ۔ مرکز کو اپنی ذمہ داری کی تکمیل کرتے ہوئے سی بی آئی یا اعلیٰ سطحی تحقیقات کے ذریعہ حقائق عوام کے سامنے پیش کرنا چاہئے ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کے کارگزار صدر جے پی نڈا نے حکومت پر جو الزامات عائد کئے ہیں، وہ اس کی تائید کرتے ہیں۔ محض الزام تراشی کے بجائے مرکزی حکومت کو کارروائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مال میں کرپشن اور بدعنوانیوں کے لئے اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد ذمہ دار ہیں کیونکہ کلکٹرس کی نگرانی راست چیف منسٹر کی جانب سے کی جاتی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے سوال کیا کہ کوئی ایک محکمہ ایسا بتائیں جو کرپشن سے پاک ہو۔ پولیس ، آبپاشی میں کرپشن عروج پر ہے۔ مشن بھگیرتا میں چیف منسٹر کا کمیشن کتنا ہے اس کی وضاحت کی جائے ۔