پاکستان میں 180 روپے فی کلو ہوا ٹماٹر ، نظر آنے لگا ہندوستان کی کارروائی کا اثر

,

   

پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستان نے الگ الگ طریقوں سے پاکستان کو گھیرنا شروع کردیا ہے ، جس میں تجارتی تعلقات بھی شامل ہیں ۔ کئی ٹریڈرس اور کسانوں نے پاکستان کو مال کی سپلائی بند کردی ہے ۔ پاکستان ایکسپورٹ کئے جانے والے سامان پر ہندوستان نے بیسک کسٹم ڈیوٹی کو 200 فیصد تک بڑھادیا ہے ، جس کا اثر یہ ہوا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی آسمان چھونے لگی ہے ۔

خبروں کے مطابق پاکستان میں زیادہ تر سبزیاں مہنگی ہوگئی ہیں ، جس کے بعد وہاں افراتفری کا ماحول ہے ۔ ساوتھ ایشیا کی ایک جرنلسٹ نے اپنے آفیشیل ٹویٹر ہینڈل پر ٹویٹ کرکے بتایا کہ پاکستان میں ٹماٹر اور دیگر سبزیاں کافی مہنگی ہوگئی ہیں ۔

پاکستان میں ٹماٹر کی قیمت آسمان چھونے لگی ہے ۔ لاہور میں ٹماٹر 180 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے ۔ وہیں ہندوستان میں ٹماٹر کی قیمت 10 سے 20 روپے کے درمیان ہے ۔ پاکستان کو سب سے زیادہ پھل اور سبزیاں سپلائی کرنے والی آزاد پور منڈی میں تاجروں نے وہاں مال نہیں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

پاکستان کی سبزی منڈی میں آلو کے دام میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ پاکستان میں آلو 10 سے 12 روپے فی کلو سے یکدم 30-35 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے ۔ کھیرے اور توری کی قیمت 80 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔

غورطلب ہے کہ پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ کے بعد مودی حکومت نے پاکستان کو دئے گئے موسٹ فیورڈ نیشن کا درجہ واپس لے لیا تھا  اور جلد ہی اپنے اس فیصلہ کے بارے میں ہندوستان عالمی تجارتی تنظیم ڈبلیو ٹی او کو اطلاع دے گا ۔