پتہ نہیں کیوں گورنر بڑی جماعت کو مدعو نہیں کر رہے ہیں : پوار

,

   

صدر جمہوریہ و گورنر کب تک انتظار کرسکتے ہیں ؟ ۔ این سی پی کے سربراہ کا سوال
ممبئی 8 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا میں حکومت سازی کے تعلق سے جاری تعطل کے دوران این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے آج کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ گورنر مہاراشٹرا بھگت سنگھ کوشیاری کیوں نہیں واحد بڑی جماعت کو تشکیل حکومت کیلئے مدعو کر رہے ہیں۔ پوار نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ گورنر بی جے پی کو حکومت بنانے کی دعوت کیوں نہیں رہے ہیں جو انتخابات میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے اور اسے 105 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے بھی آج این سی پی سربراہ شرد پوار سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں تشکیل حکومت پر جاری تعطل کو دور کرنے کیلئے ان سے مشورہ لیا ہے ۔ اس ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے رام داس اٹھاولے کے ذریعہ شیوسینا ۔ بی جے پی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مہاراشٹرا عوام کے فیصلے کا احترام کریں جنہوں نے اس اتحاد کو واضح اکثریت دی ہے ۔ شیوسینا ریاست میں دوسری بڑی جماعت ہے اور اسے 56 نشستیں حاصل ہوئی ہیں ۔ این سی پی کو 54 اور کانگریس کو 44 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ شرد پوار نے کہا کہ اب جو صورتحال پیدا ہوئی ہے وہ مہاراشٹرا جیسی ریاست میں نہیں ہونی چاہئے ۔ رام داس اٹھاولے نے ان سے حالات کو بہتر بنانے پر مشورہ طلب کیا تھا ۔ ہمارا یہ اتفاق ہے کہ ریاست کے عوام نے شیوسینا ۔ بی جے پی اتحاد کو واضح اکثریت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ اور ریاستی گورنر کب تک انتظار کرسکتے ہیں ؟ ۔ اس تعلق سے انہیں بہت جلد کوئی فیصلہ کرنا ہوسکتا ہے ۔ شرد پوار نے کہا کہ بی جے پی ۔ شیوسینا کیلئے ان کا مشورہ یہی ہے کہ ریاست کے عوام نے انہیں اقتدار سونپا ہے اس لئے انہیں اس کا احترام کرنا چاہئے ۔ رام داس اٹھاولے نے اس ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شرد پوار سے ان کے دیرینہ اور قریبی روابط رہے ہیں ۔ وہ ان سے مشورہ لینے آئے تھے ۔ پوار کا مشورہ یہی ہے کہ شیوسینا ۔ بی جے پی کو حکومت بنانی چاہئے ۔ انہوں نے مجھے مشورہ دیا ہے کہ میں دونوںو جماعتوں کو حکومت بنانے کیلئے ترغیب دوں۔