پرانے شہر میں آج تاریخی علم بی بی کا جلوس

   

ٹھیک ایک بجے دن الاوہ بی بی سے روانگی
حیدرآباد 9 ستمبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر میں یوم عاشورہ کے موقع پر کل منگل کو تاریخی علم بی بی جے کا جلوس برآمد ہوگا ۔ جلوس ٹھیک ایک بجے دن الاوہ بی بی دبیر پورہ سے ہاتھی پر روانہ ہوگا ۔ جلوس کے آغاز کے موقع پر گروہ شیدائے شبیر کی جانب سے سینہ زنی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ جلوس میں جملہ 24 ماتمی انجمنیں سینہ زنی کرینگی ۔ ان میں انجمن معصومین ‘ انجمن گروہ شیدائے شبیر ‘ انجمن حیدریہ ‘ انجمن العباس ‘ انجمن کاروان عزاء ‘ گروہ کاظمی اور انجمن ایرانیان دکن کے علاوہ انجمن علوی اخباری بھی شامل ہیں۔ جلوس الاوہ بی بی دبیر پورہ سے نکل کر براہ بنگلہ بینی ‘ کمان شیخ فیض ‘ یاقوت پورہ دروازہ ‘ اعتبار چوک ‘ کوٹلہ عالیجاہ ‘ چارمینار ‘ گلزار حوض ‘ پنجہ شاہ ‘ منڈی میر عالم مسجد الہی چادر گھاٹ کے قریب اختتام کو پہونچے گا اور وہاں بھی گروہ شیدائے شبیر کی سینہ زنی ہوگی ۔ ہاتھی پر مجاور الاوہ بی بی سید علی الدین عارف اور علمبردار قمر حسن رضوی سوار رہیں گے ۔ علم بی بی کو کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار چارمینار اور دارالشفاء پر ڈھٹی پیش کرینگے ۔ اس کے علاوہ خانوادہ نظام کی جانب سے پیلی گیٹ پرانی حویلی پر علم مبارک کو ڈھٹی پیش کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین ‘ وزرا اور عہدیدار بھی جلوس کے راستوں پر مختلف مقامات پر ڈھٹی پیش کرینگے ۔ جلوس کے ہمراہ ایمبولنس گاڑیاں بھی ہونگی ۔ علم بی بی کا تاریخی جلوس شام 7 بجے مسجد الہی چادر گھاٹ کے قریب اختتام کو پہونچے گا ۔ بعد مغرب مختلف مقامات پر مجلس شام غریباں منعقد ہوگی ۔