پرنسیس در شہوار ٹیکنیکل ایجوکیشن کامپلکس کا سنگ بنیاد

,

   

اقلیتی طلباء کو فنی کورسیس میں تربیت کا منصوبہ، پرنس مفخم جاہ بہادر اور جناب محمد سلیم کی شرکت
حیدرـآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ وقف بورڈ جناب محمد سلیم نے آج پرنسیس در شہوار ٹیکنیکل ایجوکیشن وقف کامپلکس کا بوگل کنٹہ میں سنگ بنیاد رکھا۔ پرنس مفخم جاہ بہادر کی موجودگی میں یہ سنگ بنیاد رکھا گیا جہاں پر اقلیتی طلباء کو مختلف فنی کورسیس میں تربیت کیلئے مرکز قائم کیا جائے گا۔ اس اراضی پر نظام ٹرسٹ کی جانب سے پہلے ہی ٹیکنیکل ایجوکیشن سنٹر کام کررہا ہے جس میں مختلف کورسیس کی تربیت دی جارہی ہے۔ اس موقع پر پرنس مفخم جاہ نے صدر نشین وقف بورڈ اور شہر کے دیگر معززین کو ٹیکنیکل سنٹر کا معائنہ کرایا اور طلباء سے ملاقات کی۔ پرنس مفخم جاہ اس موقوفہ اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں وقف بورڈ کا تعاون حاصل کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کامپلکس میں مختلف کورسیس کی تربیت کے علاوہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو منشائے وقف کے مطابق مسلمانوں کی تعلیمی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منشائے وقف کے مطابق اراضی کے استعمال کیلئے وقف بورڈ سے اجازت حاصل کی گئی ہے۔ اس مقام پر عصری کامپلکس تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر پرنس مفخم جاہ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ محمد سلیم نے مختلف تعلیمی ادارے بشمول اسکول اور کالجس کے کامیابی سے چلائے جانے پر پرنس مفخم جاہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مجوزہ ٹیکنیکل ایجوکیشن سنٹر مسلمانوں کے حق میں اثاثہ ثابت ہوگا۔ پرنس مفخم جاہ بہادر نے اس موقع پر صدرنشین وقف بورڈ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے وقف بورڈ کے ارکان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے نظام کی موقوفہ اراضی کے تحفظ میں دلچسپی دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ زمانہ میں فنی تعلیم کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ معیار میں مزید اضافہ کرتے ہوئے عصری سہولتوں کے ساتھ نیا سنٹر قائم کریں۔ اقلیتی طلباء کو مختلف کورسیس بشمول موٹر کار انجن کی درستگی جیسے کورسیس میں ٹریننگ دی جارہی ہے اور امیدواروں نے ٹریننگ پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر نظام ٹرسٹ اور وقف بورڈ کے عہدیدار موجود تھے۔