پروفیسر ایس اے شکور ابوالکلام آزاد اورینٹل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے نائب صدر منتخب

   

حیدرآباد: پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم کو اتفاق آراء سے ابوالکلام آزاد اورینٹل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا نائب صدر منتخب کرلیا گیا۔ ادارہ کی اسٹانڈنگ کونسل کا اجلاس صدرنشین پروفیسر اشرف رفیع کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ کے نائب صدرنشین ڈاکٹر مجتبیٰ حسین کے انتقال پر تعزیت پیش کی گئی ۔ نئے نائب صدرنشین کے عہدہ پر تقرر کیلئے پروفیسر مصطفی کمال نے پروفیسر ایس اے شکور کا نام پیش کیا۔ عزیز احمد نے تائید کی جس کے بعد اسٹانڈنگ کونسل کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر پروفیسر ایس اے شکور کو نائب صدرنشین کے عہدہ پر منتخب کیا۔ اجلاس میں غلام یزدانی ایڈوکیٹ، کمال الدین علی خاں ، محترمہ فاطمہ اور سکریٹری احمد علی نے شرکت کی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے نائب صدر کے عہدہ پر انتخاب کے بعد ادارہ کی ترقی اور استحکام کے لئے مساعی کا عہد کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور ادارہ ادبیات اردو کے معتمد عمومی ہے اور کئی ادبی تنظیموں سے وابستہ ہیں۔ وہ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی، چیف اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی ، مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن اور ڈائرکٹر تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سرکل کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔