پرینکا کی قیامگاہ پر سکیورٹی کی خلاف ورزی ، نامعلوم کا رگھس گئی

,

   

کار میں تین مرد اور تین عورتیں اور ایک لڑکی سوار تھے ، معاملہ سی آر پی ایف سے رجوع کیاگیا

نئی دہلی ۔ 2 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سکیورٹی کی خلاف ورزی کے واقعہ میں کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کی قیامگاہ کے پورش میں سات افراد کے ساتھ ایک نامعلوم کار گُھس گئی ۔ اُس ذرائع نے آج کہاکہ پرینکا کی لودھی ایسٹ قیامگاہ پر پہونچنے والے یہ افراد کانگریس لیڈر تک پہونچے اور تصویرکشی کی خواہش کی ۔ کانگریس جنرل سکریٹری کے دفتر نے سکیورٹی توڑنے کے اس مسئلہ کا نوٹ لیا اور 26 نومبر کے اس واقعہ کو سنٹرل ریزرو پولیس فورس سے رجوع کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تین مرد ، تین خواتین اور ایک لڑکی کے ساتھ گاڑی قیامگاہ کے قریب پورش تک پہونچ گئی ۔ وہ لوگ پرینکا گاندھی کے پاس گئے اور اُن سے تصاویر اور سیلفی لینے کی درخواست کی ۔ پرینکا نے اُن سے شائستگی سے بات کی ، اُن کے ساتھ تصویر کشی کی اور وہاں سے چلی گئی ۔ تاہم کسی وی آئی پی کے ساتھ سیلفی لینے یا تصویر کشی کا یہ کوئی مناسب طریقہ نہیں ہوتا ہے اس لئے پرینکا کے دفتر نے بعد میں اس واقعہ سے سی آر پی ایف کو واقف کرایا ۔ دہلی پولیس کے ذرائع نے کہاکہ نئے انتظام کے مطابق سی آر پی ایف اور دہلی پولیس پرینکا گاندھی کی 35 لودھی ایسٹ قیامگاہ کی نگرانی کررہی ہے ۔ دہلی پولیس کے مطابق اس واقعہ کے روز شاید رابطے کا فقدان رہا اور ضروری اصلاحی اقدامات فوری طورپر شروع نہ کئے جاسکے۔ سکیورٹی ٹوٹے جانے کے تعلق سے پوچھنے پر کانگریس ایم پی ایمی یاجنیک نے ایک پارٹی بریفنگ میں کہاکہ آپ دیکھ سکتے ہو کیا کچھ ہورہا ہے، جب ایس پی جی سکیورٹی ہٹادی جائے تو اس قسم کے واقعات رونما ہوسکتے ہیںاور ایس پی جی سکیورٹی ہٹانے کی وجوہات حکومت ہی بہتر جانتی ہے ۔