پرینکا کے داخلہ سے کانگریس کی ’ فوج ‘ میں نئی توانائی : سلمان خورشید

,

   

حیدرآباد 21 فبروری ( پی ٹی آئی ) سینئر کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے آج کہا کہ پرینکا گاندھی واڈرا کے سرگرم سیاست میں داخلہ نے لوک سبھا انتخابات سے قبل کانگریس کی ’ فوجوں ‘ میں نئی توانائی پھونک دی ہے اور اس کا پارٹی پر خاطر خواہ اثر ہوگا ۔ سابق مرکزی وزیر نے کچھ گوشوں کے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ پرینکا گاندھی اپنے بھائی اور پارٹی صدر راہول گاندھی پر بھی غلبہ حاصل کرلیں گی ۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ پرینکا کے سرگرم سیاست میں داخلہ کا فیصلہ دونوں کا مشترکہ تھا ۔ پی ٹی آئی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے سلمان خورشید نے کہا کہ پرینکا گاندھی کے داخلے کے فوری اثرات دکھائی دینے شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ورکرس میں جو ش و خروش یقینی طور پر بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے کانگریس کی فوجوں میں نئی توانائی پھونک دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اب بھی انتخابات میں مقابلہ کرنا ہے اور بہت کچھ مشکل کام باقی ہے ۔ یہ بات طئے ہے کہ پرینکا کے داخلہ کا یقینی طورپر خاطر خواہ اثر ہوگا ۔ انہو ں نے کچھ گوشوں کی اس بات سے اتفاق نہیں کیا کہ پرینکا گاندھی اپنے بھائی و پارٹی صدر سے بھی مقبولیت میں آگے نکل جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ایک ساتھ کام کرتے ہیں۔ وہ کچھ وقت سے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ یہ دونوں آپس میں ایک بہت اہم رشتہ رکھتے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ پرینکا کے سیاست میں داخلہ اور اس کے وقت کے تعلق سے بھی دونوں نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے ۔ سلمان خورشید نے کہا کہ کانگریس نے اپوزیشن جماعتوں کو اپنے ساتھ ملانے سابق کی بہ نسبت زیادہ کوششیں کی ہیں تاکہ بی جے پی سے مشترکہ مقابلہ ہوسکے ۔ سلمان خورشید نے کہا کہ کانگریس کیلئے وقت گذرتا جا رہا ہے کہ وہ حلیف جماعتوں کے ساتھ نشستوں کی تقسیم پر بات کرلے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پارٹی ایک مقررہ وقت میں مذاکرات مکمل کرنے میں مصروف ہے ۔