پومپیو کا غیرمعلنہ دورۂ عراق، عہدیداروں سے ملاقات

   

بغداد۔9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عراقی عہدیداروں بشمول اسپیکر سے ملاقات کی۔ وہ آج یہاں غیرمعلنہ دورہ پر پہنچے۔ پارلیمنٹ کے ترجمان نے یہ بات بتائی۔ یاد رہے کہ اندرون دو ہفتہ پومپیو کا مشرق وسطیٰ کا یہ دوسرا دورہ ہے جبکہ قبل ازیں صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر اس وقت بڑی تنقیدیں کی گئی تھیں جب وہ کرسمس کے موقع پر اچانک امریکی فوجیوں سے ملاقات کرنے یہاں پہنچے تھے تاہم انہوں نے کسی بھی عراقی عہدیدار سے ملاقات کرنا بھی گوارہ نہیں کیا تھا۔ دریں اثناء امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکہ نے شام میں اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کی ہے لیکن جنگجو تنظیم اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے صفائے کے مشن میں اس نے کوئی تبدیلی نہیں کی ہے ۔مسٹر پومپیو نے مغربی ایشیا کے آٹھ روزہ دورے کے پہلے دن عمان میں یہ بات کہی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ‘‘میں ابھی اردن میں پہنچا ہوں۔ یہ میرا مغربی ایشیا کے آٹھ روزہ دورے کا پہلا مقام ہے ۔ میں شام سے امریکی فوج کی واپسی اور آئی ایس کے خلاف اپنی مہم جاری رکھنے پر بحث کے سلسلے میں پرجوش ہوں۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ‘‘ہم نے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کی ہے لیکن اپنے مشن میں نہیں‘‘۔ عمان کے بعد مسٹر پومپیو 8 سے 15 جنوری تک کے دورے کے دوران مصر، بحرین، متحدہ عرب امارات، قطر، سعودی عرب، عمان اور کویت بھی جائیں گے ۔