پومپیو کی سعودی آمد : شام، یمن اور خشوگی بات چیت کے اہم موضوعات

,

   

ریاض ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو جو اس وقت سعودی عرب کے دورہ پر ہیں، جہاں وہ مشرق وسطیٰ بحران پر متعلقہ حکام سے بات چیت کریں گے، جن میں سب سے اہم شام اور یمن میں جاری خانہ جنگی، ایران سے لاحق خطرات اور صحافی جمال خشوگی کے قتل پر سعودی کا ردعمل جیسے موضوعات شامل ہیں۔ پیر کے روز پومپیو شاہ سلمان اور ولیعہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ شام سے امریکی فوج کے تخلیہ کا جب سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے، تب سے یہی موضوع تقریباً ہر بڑے ملک کی جانب سے منعقد کئے گئے متعدد اجلاس میں زیربحث رہا ہے۔ پومپیو اتوار کی رات دیر گئے دارالحکومت ریاض پہنچے اور سینئر عہدیدار سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یمن کی خانہ جنگی کے خاتمہ اور ایران پر مسلسل دباؤ بنائے رکھنے کے موضوعات پر بات چیت کی۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق پومپیو نے اس بات پر بھی زور دیا ہیکہ گذشتہ سال 2 اکٹوبر کو ترکی میں واقع سعودی سفارتخانہ میں صحافی جمال خشوگی کے قتل کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جانی چاہئے۔