پومپیو کی شام کے معاملے پر کاؤسوگلو سے گفتگو

   

واشنگٹن13جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ہفتہ کے روز ترکی کے وزیر خارجہ میولُت کاؤسوگلو سے شام کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے بتایا کہ وزیر خارجہ پومپیو نے ترکی کے وزیر خارجہ کاؤسوگلو سے ہفتہ کو فون پر شام کے معاملے پر بات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے شام سے امریکی فوجیوں کی واپسی کے معاملے پر باہمی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔وزارت خارجہ کے مطابق مسٹر پومپیو نے مسٹر کاؤسوگلو سے شام سے متصل سرحد پر سیکورٹی کے سلسلے ترکی کی تشویشات کے تئیں امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پیپلز پروٹیکشن یونٹس کے نام سے مشہور کردش ملیشیا کا حوالہ دے کر کہا کہ امریکہ اسلامی اسٹیٹ کے خلاف جنگ میں اس کے ساتھ کام کرنے والی فوجوں کی حفاظت کرے گا۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حال ہی میں شام میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف جاری جنگ میں فتح حاصل کرنے کا دعوی کرتے ہوئے امریکی فوجیوں کی واپسی کا اعلان کیا ہے ۔ دراصل، مسٹر ٹرمپ کے اس فیصلے پر اسرائیل سمیت کئی ممالک نے تشویش ظاہر کی ہے ۔واضح رہے کہ شام میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف جاری جنگ میں سال 2015 سے دو ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں۔وزیر خارجہ امریکہ مائیک پامپیو نے اتوار کے دن اپنے سفارتی دورے کا اختتام کرتے ہوئے آخری دن مشرق وسطیٰ کا دورہ کیا۔ اُنھوں نے ابوظہبی سے دوحہ روانہ ہوکر ولیعہد شہزادہ محمد بن زاید سے ملاقات کی۔