پی ایف آئی کیخلاف ملک کی 11 ریاستوں میں کریک ڈاؤن

,

   

این آئی اے، ای ڈی اور مقامی پولیس کی کارروائی، 106 افراد گرفتار

نئی دہلی: نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے ای ڈی اور مقامی پولیس کے ساتھ مل کر پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) اور اس سے وابستہ روابط کے خلاف ملک بھر میں بڑے پیمانے پر دھاوے کئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تفتیشی ایجنسی نے مبینہ طور پر دہشت گردی کی مالی اعانت کرنے اور کیمپ چلانے کے معاملے میں یہ کارروائی کرتے ہوئے 11 ریاستوں سے 106 افراد کوگرفتار کیا ہے۔ دریں اثنا، پی ایف آئی کے قومی صدر او ایم اے سلام اور دہلی کے صدر پرویز احمد کو بھی گرفتار کیا گیاہے۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے کچھ گرفتار شدگان کو این آئی اے کے دہلی دفتر لایا جاسکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق این آئی اے نے کیرالہ، آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک، تمل ناڈو سمیت متعدد ریاستوں میں پی ایف آئی اور اس سے وابستہ متعدد مقامات پر دھاوے کئے۔ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان پر مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ یہ گرفتاریاں این آئی اے کے علاوہ ریاستی پولیس اور ای ڈی نے بھی انجام دی ہیں۔ یہ پی ایف آئی اور اس سے وابستہ افراد کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا کریک ڈاؤن ہے۔
تفتیشی ایجنسی نے کیرالہ سے سب سے زیادہ 22 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے بعد، مہاراشٹرا اور کرناٹک سے 20۔20، آندھرا پردیش سے 5، آسام سے 9، دہلی اور پڈوچیری سے 3۔3، مدھیہ پردیش سے 4، تمل ناڈو سے 10، یوپی سے 8 اور راجستھان سے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔پی ایف آئی سے وابستہ لوگوں کو دہلی کے شاہین باغ اور غازی پور سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لکھنؤ میں اندرا نگر سے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ آسام پولیس نے بھی ریاست سے پی ایف آئی سے وابستہ 9 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ تمل ناڈو کے مدورائی سمیت متعدد اضلاع میں بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ ای ڈی، این آئی اے اور ریاستوں کی پولیس کے ذریعے چلائے جا رہے اس مشترکہ آپریشن کی نگرانی وزارت داخلہ کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا، پی ایف آئی سے وابستہ افراد کے خلاف کارروائی کے بعد، ایس ڈی پی آئی اور پی ایف آئی کے کارکنوں کی جانب سے بنگلورو اور منگلورو میں احتجاج کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔