چناجیر سوامی تلنگانہ کے’ سوپر چیف منسٹر‘

,

   

ریونیو ملازمین کی آشرم پر حاضری، چیف منسٹر کے مذہبی گرو پر دیگر محکمہ جات کی نظریں

حیدرآباد ۔ 16۔ اپریل (سیاست نیوز) توہم پرستی کسی بھی انسان کو مذہبی شخصیتوں کے اطراف گھومنے تک مجبور کردیتی ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کسی بھی نئے کام کا آغاز پنڈتوں سے مشورہ کے بغیر نہیں کرتے ، ان کیلئے چناجیر سوامی مذہبی امور میں خصوصی مشیر ہیں۔ وہ سوامی کے مشورہ پر ایک سے زائد مرتبہ چنڈی یاگم کا اہتمام کرچکے ہیں اور چیف منسٹر کے قریبی افراد کا ماننا ہے کہ سوامی کی بات کے سی آر کیلئے حرف آخر ہے ۔ یوں تو کئی سیاستداں مذہبی شخصیتوں کے اسیر رہے لیکن تلنگانہ میں چناجیر سوامی ’سوپر چیف منسٹر‘ کی طرح ابھر رہے ہیں۔ سری تریڈنڈی سریمن نارائنا رامانوجا چنا جیر سوامی جو چناجیر سوامی کے نام سے شہرت رکھتے ہیں، حکومت میں ان کا اثر و رسوخ دن بہ دن بڑھتا دکھائی دے رہا ہے ۔ کے سی آر پہلے ہی تلنگانہ کے ایک مضبوط چیف منسٹر مانے جاتے ہیں لیکن چناجیر سوامی جو 30 برسوں سے ان کے گرو اور مذہبی مشیر ہیں، سوپر چیف منسٹر کی طرح ابھر رہے ہیں۔ اس کی تازہ مثال محکمہ مال کے ملازمین کا سوامی کے آشرم پہنچ کر نمائندگی کرنا ہے۔ محکمہ مال کو چیف منسٹر نے پنچایت راج محکمہ میں ضم کرنے کا اعلان کیا جس سے ناراض ہوکر محکمہ کے ملازمین سوامی کے آشرم پہنچے اور گزارش کی کہ چیف منسٹر کو محکمہ مال کے انضمام سے روکیں ۔ لوک سبھا انتخابات کی مہم اور حالیہ سرکاری اجلاسوں میں کے سی آر نے محکمہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے کرپٹ محکمہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ریونیو اسٹاف جو بھی ان سے کام کیلئے رجوع ہوتا ہے ، رقومات حاصل کرتے ہیں ۔ انہوں نے محکمہ مال کو ختم کرکے اس کی خدمات نئے ادارہ کے حوالے کرنے

اور ضلع کلکٹر کا نام بدل کر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹیو آفیسر رکھنے اعلان کیا تھا چیف منسٹر کے اس اعلان سے ریونیو ملازمین کو جھٹکا لگا اور انہوں نے کے سی آر سے ملاقات کی کوشش کی تاکہ انہیں اس فیصلہ سے روکا جاسکے لیکن چیف منسٹر نے ملاقات کا وقت نہیں دیا۔ سینکڑوں سال سے موجود اس محکمہ کی برقراری کیلئے ملازمین نے آخرکار چنا جیر سوامی کا سہارا لیا تاکہ چیف منسٹر پر اثر انداز ہوسکیں۔ شمس آباد میں جب ریونیو ملازمین کے نمائندے سوامی کے پاس پہنچے تو انہوں نے اطمینان سے سماعت کی اور تیقن دیا کہ وہ سب کچھ ٹھیک کردیں گے ۔ انہوں نے ملازمین کو فکرمند نہ ہونے کا مشورہ دیا۔ چناجیر سوامی نے چیف منسٹر سے بات کرنے کا وعدہ کیا ۔ واضح رہے کہ عام طور پر ملازمین کسی مسئلہ کے سلسلہ میں چیف منسٹر ، وزرا، ارکان اسمبلی ، چیف سکریٹری یا اعلیٰ حکام سے رجوع ہوتے ہیں لیکن اس معاملہ میں ملازمین کو یقین تھا کہ سوائے سوامی کے کوئی اور کے سی آر کو فیصلہ تبدیل کرنے راضی نہیں کرسکتا۔ واضح رہے کہ سوامی نے نومبر 2016 ء میں پرگتی بھون میں چیف منسٹر کی کرسی کا افتتاح کیا تھا جس پر کافی تنازعہ ہوا۔ کیونکہ پرگتی بھون اور کرسی کے سی آر کی شخصی ملکیت نہیں بلکہ یہ حکومت کی پراپرٹی ہے۔ ریونیو ملازمین کے اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے سوامی سے رجوع ہونے کا جذبہ پیدا ہوگا کیونکہ چیف منسٹر سے ملاقات تو ممکن نہیں ہے ۔