چٹانوں پر کرتب بازی نوجوان کیلئے وبال جان بن گئی

   

3 گھنٹوں تک چٹانوں میں پھنسے نوجوان کو پولیس نے بچالیا
حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز) چٹانوں کی سیر ایک نوجوان کیلئے پریشانی اور دوسروں کیلئے ایک سبق آموز واقعہ بن گئی ۔ یہ نوجوان موج مستی کیلئے چٹانوں پر کرتب بازی کررہا تھا کہ چٹانوں کے درمیان پھنس گیا۔ سکندرآباد کے علاقہ ترملگیری میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں تقریباً تین گھنٹے تک 24 سالہ نوجوان راجو دو چٹانوں کے درمیان پھنسا رہا۔ راجو کا یہ واقعہ اور چٹانوں کے درمیان اس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور شہریوں نے مختلف انداز میں اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ترملگیری پولیس اسٹیشن سے وابستہ دو کانسٹبلس نے راجو کو رسی کی مدد سے باہر نکالا اور فوری ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے اس کی طبی جانچ کروائی آیاگھنٹوں تک چٹانوں کے درمیان پھنسے رہنے سے راجو کی صحت پر کوئی اثر تو نہیں پڑا۔ چیخ و پکار اور خوف کے سبب وہ کمزور ہوگیا تھا۔ ذرائع کے مطابق راجو مہاراشٹرا سے تعلق رکھتا ہے جو حیدرآباد میں روزگار کی تلاش میں آیا تھا اور ترملگیری علاقہ میں رہتا تھا۔ آج راجو ترملگیری کو چٹانوں پر سیر و تفریح کے لئے گیا اور موج مستی کرنے لگا۔ اس دوران راجو اپنا توازن کھو بیٹھا اور دو چٹانوں کے درمیان پھنس گیا۔ اچانک چٹانوں میں پھنس جانے سے وہ خود خوف زدہ ہو گیا اور چیخ و پکار کرنے لگا۔ راجو کی چیخ و پکار کو سنتے ہی مقامی عوام چٹانوں کے قریب پہونچے اور ترملگیری پولیس کو اس بات کی اطلاع دی۔ ترملگیری پولیس اسٹیشن سے وابستہ دو کانسٹبل چٹانوں کے قریب پہونچے اور رسی کی مدد سے راجو کو باہر نکالا اور راجو تقریباً تین گھنٹوں تک چٹانوں میں پھنسا رہا۔ ہاسپٹل میں طبی جانچ کے بعد پولیس نے اسے چھوڑ دیا اور وہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پہونچ کر بذریعہ ٹرین اپنے آبائی مقام کے لئے روانہ ہوگیا۔ ع