چکڑ پلی میں قمار بازی کا اڈہ بے نقاب

   

9 افراد بشمول آرگنائزر گرفتار ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /18 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد کی ٹاسک فورس پولیس نے چکڑپلی علاقہ میں ایک رہائشی مکان میں چلائے جارہے قمار بازی کے اڈے کو بے نقاب کرتے ہوئے 9 افراد بشمول آرگنائزر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے بموجب 55 سالہ ایم کشن راؤ عرف بالا راجو ساکن الوال نے چکڑپلی علاقہ میں کرایہ پر بھاگیہ نگر اپارٹمنٹس میں ایک فلیٹ حاصل کیا اور اس میں وہ قمار بازی کا اڈہ چلارہا تھا ۔ ٹاسک فورس سنٹرل زون کو اس سلسلے میں اطلاع ملنے پر وہاں دھاوا کیا اور قمار بازی میں ملوث ڈی چندریا ، ڈی پارتھا سارتھی ، این چنا ماسیا ، کے رامانند ، پی رمیش ، آر پردیپ اور ایک خاتون کلپناگوسوامی کو بھی گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس پولیس نے بتایا کہ کشن راؤ کمیشن پر قمار بازی کا اڈہ چلارہا تھا ۔ ٹاسک فورس نے اس کارروائی میں 16 ہزار نقد رقم اور 10 موبائیل فون برآمد کرتے ہوئے انہیں چکڑپلی پولیس کے حوالے کردیا ۔