چیف منسٹر کا 14 جون کو دہلی کا دورہ

   

حیدرآباد۔11جون(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت کیلئے 14جون کو دہلی روانہ ہوں گے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اپنے دورۂ دہلی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے عام انتخابات میں کامیابی اور دوسری معیاد کیلئے حکومت سازی پر مبارکباد پیش کریں گے۔ چیف منسٹر تلنگانہ جو کہ نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے والے تھے نے لمحۂ آخر میں وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے عائد تحدیدات کے سبب شرکت نہیں کی تھی ۔ وزیر اعلی کے دفتر کے ذرائع کے مطابق چیف منسٹر تلنگانہ وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران ریاست تلنگانہ کی ترقی اور جاریہ پراجکٹس میں مرکز کی اعانت کے لئے بھی نمائندگی کریں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت کے بعد چیف منسٹر نریندر مودی سے خصوصی ملاقات کے دوران مشن بھگیرتا کیلئے خصوصی فنڈس کی تخصیص کیلئے نمائندگی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔