ڈالر سے نجات کیلئے مسلم ممالک مقامی کرنسی استعمال کریں : اردغان

,

   

انقرہ: صدر ترکی رجب طیب اردغان نے مسلم ممالک کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ ڈالر سے نجات حاصل کرنے کیلئے اپنی مقامی کرنسی استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کو آگے آنا چاہئے اور کرنسی کا دباؤ ختم کرتے ہوئے باہمی تجارت میں مقامی کرنسی کا استعمال کریں۔ او آئی سی کی معاشی و تجارتی کمیٹی کے اجلاس سے صدر ترکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سود پر مشتمل موجودہ عالمی معاشی نظام کی جگہ مستقبل میں نفع و نقصان کی اشتراک پر مبنی اسلامی نظام کو واپس لایا جانا چاہئے۔ اسلاموفوبیا کو مغربی ممالک نے اپنی پالیسی کے طور پر اختیار کرلیا ہے۔ بعض ممالک نے اسے صدارتی سطح پر تحفظ دیا جارہا ہے۔ ان ممالک میں رہنے والے مسلمانوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ صدر رجب طیب اردغان نے مغربی دنیا میں اسلام کے خلاف پھیلائی جارہی نفرت کے پیش نظر مسلم ممالک سے خواہش کی کہ وہ اسلام کو بدنام کرنے والی طاقتوں سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار رکھیں۔ حال ہی میں صدر فرانس نے گستاخانہ کارٹون کی حمایت کرتے ہوئے اسلاموفوبیا کو ہوا دینے کی کوشش کی تھی جس پر اردغان نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔