ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو کانگریس کا خراج عقیدت

   

تلنگانہ میں کے سی آر کی ڈیکٹیٹرشپ کا الزام، اتم کمار ریڈی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 128 ویں جینتی کے موقع پر کانگریس پارٹی قائدین نے زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ٹینک بینڈ پر واقع مجسمہ پر پھول نچھاور کئے گئے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق صدر پردیش کانگریس پی لکشمیا، وی ہنمنت راؤ اور دوسروں نے پھول چڑھائے اور ملک میں سیکولرازم اور جمہوریت کے استحکام میں ڈاکٹر امبیڈکر کی خدمات کی یاد تازہ کی۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیاکہ تلنگانہ میں کے سی آر کی ڈکٹیٹرشپ حکومت چل رہی ہے اسے دستور اور قانون کا کوئی پاس و لحاظ نہیں۔ انھوں نے کہاکہ اگر سماج کا دانشور طبقہ خاموشی اختیار کرلے تو سماج کا نقصان ہوتا ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کو توڑ کر کچرے میں پھینک دیا گیا اس کے باوجود عوام میں بے حسی افسوسناک ہے۔ کے سی آر نے ڈاکٹر امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ خراج عقیدت پیش کرنے بھی نہیں آئے۔ کے سی آر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے دلتوں کو دھوکہ دیا۔ انھوں نے کہاکہ غیرجمہوری اور غیر دستوری طرز حکمرانی والی حکومت اور ٹی آر ایس کو امبیڈکر جینتی منانے کا حق نہیں۔ کانگریس نے ایک دلت کو قائد اپوزیشن کے عہدہ پر فائز کیا تو برداشت نہ کرتے ہوئے کانگریس ارکان اسمبلی میں انحراف کی حوصلہ افزائی کی تاکہ دلت کو قائد اپوزیشن کے عہدہ سے محروم کیا جائے۔ حکومت کو واضح اکثریت کے باوجود ارکان اسمبلی کا انحراف دراصل کانگریس سے خوف کا نتیجہ ہے۔ چیف منسٹر اپوزیشن کے بغیر اسمبلی چلانا چاہتے ہیں۔ وہ پوچھنے والی ہر زبان کو بند اور آواز کو دبانا چاہتے ہیں۔