ڈی ایم کے تملناڈو میں 20 نشستوں پر انتخاب لڑے گی

,

   

کانگریس کو پانڈیچری کی واحد نشست کے بشمول 9 حلقے مختص :اسٹالن
چینائی۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے نے آج اعلان کیا ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں تملناڈو کی 20 نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرے گی جیسا کہ حلیف جماعتوں کے ساتھ نشستوں کی تقسیم عمل میں آچکی ہے۔ ڈی ایم کے کے اس اعلان نے وجئے کانت کیلئے دروازہ بند کردیا ہے جو اس امید میں تھے کہ برسراقتدار اے آئی اے ڈی ایم کے سے اس کے لئے مثبت اشارہ ملے گا، جیسا کہ ڈی ایم کے نے ابتداء میں کہا تھا کہ وہ ڈی ایم ڈی کے کے ساتھ اتحاد کرے گی۔ ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالن نے کہا کہ ان کی جماعت نشستوں کی تقسیم کے معاہدہ کو مکمل کرچکی ہے اور امیدواروں کی نشاندہی کا عمل جمعرات کو شروع ہوگا۔ کانگریس کے بشمول دیگر حمایتی جماعتوں کیلئے ڈی ایم کے نے نشستیں چھوڑتے ہوئے خود ریاست میں 20 نشستوں پر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی ایم کے کانگریس کے علاوہ سی پی آئی (ایم) ، ایم ڈی ایم کے، وی سی کے، ٹی یو ایم ایل، کے ایم ڈی کے اور آئی جے کے سے اتحاد کیا ہے۔ کانگریس کو 9 نشستیں دی گئی ہیں جس میں پانڈیچری کی واحد نشست بھی شامل ہے۔ بائیں بازو کی 2 جماعتیں فی کس ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ علاوہ ازیں ڈی ایم کے نے ایم ڈی ایم کے ، پی یو ایم ایل، آئی جے کے اور کے ایم ڈی کے کو فی کس ایک نشست مختص کی ہے۔ دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے اختتامی دن انہوں نے سی پی آئی (ایم) کے اسٹیٹ سیکریٹری کے بالا کرشنن اور وی سی کے کے وائیکو سے ملاقات بھی کی۔