ڈی ایم کے کبھی بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی:اسٹالن

,

   

چینائی11جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اتحاد کے مقصد سے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے ساتھ شامل ہونے کی پیش کش کے دوران تمل ناڈو میں اپوزیشن ڈراوڑ متنر کژگم (ڈی ایم کے ) نے جمعہ کو بی جے پی سے کسی بھی طرح کے تال میل کے امکان کو واضح طور پر خارج کردیا۔ڈی ایم کے کے سربراہ ایم کے اسٹالن نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ ’’میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ ڈی ایم کے کبھی بھی بی جے پی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی‘‘۔ اسٹالن نے وزیراعظم نریندر مودی کی پانچ ضلعوں کے بی جے پی بوتھ کارکنوں کے ساتھ جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران کی گئی اس رائے کو ‘حیرت انگیز’ اور ‘عجیب وغریب’ قرار دیا ہے جس میں انہوںنے کہا تھا کہ پارٹی 20 سال پہلے آنجہانی وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی جانب سے دکھائی گئی سیاسی ثقافت کو اپنارہی ہے اور اپنے پرانے دوستوں کیلئے اتحاد کے لئے بی جے پی کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔