ڈی سرینواس کی فرزند کے ساتھ گھر واپسی، گاندھی بھون میں استقبال

,

   

کانگریس کے استحکام کیلئے کام کرنے کا عہد، مانک راؤ ٹھاکرے، ریونت ریڈی اور دوسروں نے کھنڈوا پہنایا
حیدرآباد/26 مارچ، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس اور متحدہ آندھرا پردیش میں پارٹی کے سینئر قائد ڈی سرینواس نے آج گھر واپسی کرکے دوبارہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ڈی سرینواس اور ان کے فرزند سابق میئر نظام آباد ڈی سنجے نے آج گاندھی بھون پہنچ کر تلنگانہ انچارج مانک راؤ ٹھاکرے کی موجودگی میں کانگریس میں واپسی کا اعلان کیا۔ ڈی سرینواس 2004 میں کانگریس برسراقتدار آنے کے وقت پردیش کانگریس کے صدر تھے۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ متحدہ آندھرا پردیش میں 2004 اور 2009 میں وہ کابینہ میں شامل رہے۔ 2015 میں اس وقت کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد انہیں راجیہ سبھا کی رکنیت دی گئی۔ ڈی سرینواس پارٹی میں زیادہ سرگرم نہیں رہے اور چیف منسٹر کے سی آر سے اختلافات کے سبب پارٹی سے دوری اختیار کرلی۔ ڈی سرینواس کے فرزند ڈی اروند 2019 میں بی جے پی ٹکٹ پر نظام آباد حلقہ سے منتخب ہوئے جبکہ سابق میئر ڈی سنجے اپنے والد کے ساتھ بی آر ایس میں شامل رہے۔ راجیہ سبھا کی میعاد کی تکمیل کے بعد ڈی سرینواس نے گھر واپسی کا فیصلہ کیا۔ وہیل چیر پر ڈی سرینواس اپنے فرزند ڈی سنجے کے ہمراہ گاندھی بھون پہنچے اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی و دیگر قائدین سے ملاقات کی۔ سینئر قائد وی ہنمنت راؤ کے ذریعہ ڈی سرینواس کو پارٹی کا کھنڈوا پہنایا گیا۔ پارٹی انچارج مانک راؤ ٹھاکرے کے علاوہ ایم پیز اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سابق اپوزیشن لیڈرس کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، سابق وزیر رینوکا چودھری ، انجن کمار یادو، پونالہ لکشمیا و دیگر نے قدیم ساتھی کی گھر واپسی کا خیرمقدم کیا۔ ڈی سرینواس نے کہا کہ وہ کانگریس استحکام کیلئے تجربات پیش کریں گے۔ر