کئی ریاستوں میں/20مارچ تک آندھی اوربارش کا الرٹ

,

   

ممبئی میں بارش و ژالہ باری ، دہلی ، پنجاب ، کیرالا اور دیگر ریاستوں میں بھی اوسط تا شدید بارش

نئی دہلی: ملک کی کئی ریاستوں میں موسم پہلے کی نسبت قدرے خوشگوار ہو گیا ہے۔ 20 مارچ تک بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بونداباندی کا امکان ہے۔ مغربی ہمالیائی خطہ بشمول مشرقی ہندوستان، شمال مغربی ہندوستان میں 16 سے 20 مارچ تک ہلکی سے درمیانی بارش، گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری کے امکانات ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اہم پیداواری ریاستوں میں اگلے 10 دنوں میں وسطی، شمالی اور مغربی علاقوں میں مزید بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے 16 سے 19 مارچ 2023 تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے لیے زرد اور نارنجی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے علاقوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے اور پنجاب، ہریانہ، دہلی این سی آر اور ہمالیائی خطہ سمیت کئی علاقوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ تلنگانہ، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ اور مدھیہ پردیش میں 16 سے 19 مارچ کے درمیان بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ اسی دوران مہاراشٹرا کے کئی علاقوں بشمول ممبئی میں آج اوسط تا تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ دہلی میں بھی کئی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اترپردیش کے لکھنؤ ، کانپور ، میرٹھ ، غازی آباد میں گہرے بادل چھائے رہے اور ہلکی تا اوسط بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اتراکھنڈ میں اچانک برفباری ہوئی جس سے پہاڑی علاقوں کا منظر تبدیل ہوگیا ۔ کیرالا میں بھی کئی مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ پنجاب میں اگرچہ بارش نہیں ہوئی لیکن درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ہریانہ میں بھی موسم خوشگوار ہوگیا ۔ کئی مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی تا تیز بارش ریکارڈ کی گئی ۔ بنگال کے کلیم کوم میں بھی بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی ۔ کئی مقامات پر سیاحوں نے اس کا لطف اٹھایا ۔