کارپوریٹ دواخانوں کے 50 فیصد بستر حکومت کے حوالے

,

   

سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس اسوسی ایشن کا فیصلہ، وزیر صحت ایٹالہ راجندر سے ملاقات

حیدرآباد : حیدرآباد کے کارپوریٹ دواخانے اب اپنے 50 فیصد بستر حکومت کے حوالے کرینگے تاکہ کورونا کا شکار مریضوں کا علاج کیا جاسکے۔ تمام سرفہرست سوپر اسپیشالیٹی دواخانوں کے انتظامیہ نے آج وزیر صحت ایٹالہ راجندر سے ملاقات کی اور رضاکارانہ طور پر اپنے 50 فیصد بستر حکومت کے حوالے کرنے سے اتفاق کیا ہے تاکہ کورونا مریضوں کا علاج کیا جاسکے۔ اِن دواخانوں میں جو بستر حکومت کے سپرد کئے جائیں گے وہاں حکومت کی مقرر کردہ فیس اور شرحوں کے مطابق اور علاج کیا جائے گا۔ تلنگانہ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس اسوسی ایشن نے اپنے صدر و منیجنگ ڈائرکٹر کمس ڈاکٹر بی بھاسکر راؤ کی قیادت میں یہ ملاقات کی اور بتایا کہ اب تمام خانگی دواخانوں میں 50 فیصد بستروں کو محکمہ صحت کی جانب سے پُر کیا جائے گا۔ وزیر صحت کے ساتھ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ضرورت مند کورونا مریضوں کو خانگی دواخانوں میں بستر الاٹ کرنے ایک موبائیل ایپ کا استعمال کیا جائے گا۔ ایسا کرتے ہوئے دواخانوں میں مریضوں کو شریک کرنے کے طریقہ کار کو بہتر بنایا جاسکے گا اور سرکاری ہدایات کی پاسداری بھی ممکن ہوسکے گی۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ کارپوریٹ دواخانوں کے انتظامیہ سے کل جمعہ کو ایک اجلاس منعقد کریں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ کورونا وباء کے آغاز سے ہی ہم خانگی دواخانوں سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ آگے آئیں اور وائرس پر قابو پانے ہماری کوششوں میں حصہ دار بنیں اور استحکام بخشیں۔ حکومت خانگی دواخانوں کی جانب سے بستر حوالے کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے۔