کارکردگی پر عوامی اطمینان کے سروے میں کے سی آر سر فہرست

,

   

اروند کجریوال کو چوتھا مقام ۔ ٹاملناڈو کے چیف منسٹر فہرست میں سب سے آخری مقام پر
حیدرآباد۔22مارچ(سیاست نیوز) ملک بھر میں چیف منسٹرکی کارکردگی سے مطمئن عوامی سروے میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرفہرست مقام حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اور سروے کے مطابق چیف منسٹر تلنگانہ کی کارکردگی سے 68.3فیصد عوام کافی حد تک مطمئن ہیں جبکہ 20.8فیصد عوام کسی حد تک مطمئن ہیں اور غیر مطمئن افراد کا فیصد صرف 9.9ہے ۔ 20ہزار 827افراد پر مشتمل اس سروے نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی کارکردگی کو مثبت قرار دیتے ہوئے ملک کے تمام چیف منسٹرس میں سرفہرست قرار دیا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر ہماچل پردیش کے چیف منسٹر ہیں اور تیسرے نمبر پر اڈیشہ کے چیف منسٹر رہے اسی طرح دہلی کے چیف منسٹر مسٹر اروند کجریوال کو چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کی کارکردگی سے مطمئن افراد کی تعداد کے اعتبار سے انہیں سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے اور سب سے آخری مقام تمل ناڈو کو حاصل ہوا ہے جبکہ گو ا کے علاوہ جموں و کشمیر میں گذشتہ تین ماہ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں خصوصی سروے میں آخری مقام پر رکھا گیا ہے۔ ملک کی تمام ریاستوں میں 2000تا52000افراد پر مشتمل ریاستی سطح پر کروائے گئے اس سروے میں تلنگانہ چیف منسٹر کو سرفہرست مقام حاصل ہونے پر تلنگانہ راشٹر سمیتی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔بتایاجاتاہے کہ ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر کو کارکردگی کے اعتبار سے مطمئن چیف منسٹروں میں اولین مقام حاصل ہونے کی بنیادی وجہ ریاست تلنگانہ میں جاری فلاحی اسکیمات اور عوام تک ان کی رسائی کو یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات ہیں۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو ملک میں سرفہرست چیف منسٹر کا مقام حاصل ہونے کے بعد کہا جا رہاہے کہ عام انتخابات میں اس کا تلنگانہ راشٹر سمیتی کو بھرپور فائدہ حاصل ہوگا۔