کافی کے فوائد

   

کھانے پینے کی اشیا اگر دیکھنے میں بھلی لگیں اور ذائقے میں بھی لذیذ ہوں مگر وہ صحت کیلئے فائدے سے زیادہ نقصان کا باعث بنیں تو لوگ انھیں کھانے یا پینے کے بارے میں ہچکچاہٹ اور کنفیوڑن کا شکار رہتے ہیں ۔ کافی پینے کے شوقین افراد کیلئے یہ بات خوش آئند ہے کہ کافی اگر اعتدال میں پی جائے تو اس کے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ یہ جتنی ذائقہ دار ہوتی ہے، اتنی ہی فائدہ مند بھی ہے، آئیے اس بارے میں جانتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق روزانہ 3سے 5 کپ کافی پینے سے جگرکے کینسر یا اس کے کام نہ کرنے کا خطرہ 40فیصدتک کم ہوجاتا ہے۔سائنسدان کا کہنا ہے کہ کافی اور ہربل چائے کا استعمال جگر کی بیماری ’سروسس‘ (Cirrhosis) سے بچاتا ہے۔ یہ بیماری جان لیوا بھی ثابت ہوتی ہے۔کافی کے اندر کیفین نامی ایک مادہ ہوتا ہے جوکہ دماغ کی کارکردگی بڑھاتا ہے۔ کافی پینے سے ذہن کے خلیات کو نشوو نما ملتی ہے، وہ زیادہ توانائی پیدا کرتے ہیں جس سے ذہن صحت مند اور توانا رہتا ہے۔ کافی سے ذہن کو پہنچنے والے چند فوائد میں یادداشت بہتر ہونا اور ردعمل میں تیزی آنا شامل ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق دن بھر میں کافی کے چار یا اس سے زائد کپ پینے والی خواتین میں ڈپریشن ہونے کے امکانات 20فیصد تک کم ہو جاتے ہیں۔