کالج کے طلبہ ، ڈرگس مافیا کے آسان شکار

   

بچوں کو منشیات کی عادت سے دور رکھنے والدین کی سخت چوکسی ضروری

حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) کیا آپ کے بچے کالج جارہے ہیں یا جانے والے ہیں ؟ تو پھر آپ چوکس ہوجائیں کیونکہ دسویں جماعت کے بعد کالج جانے والے طلبہ بہت جلد غلط عادت کا شکار ہورہے ہیں اور طلبہ ابتداء میں سگریٹ اور گٹکھا کا استعمال شروع کررہے ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے گانجہ، شراب اور دیگر منشیات کے عادی بنتے جارہے ہیں اور دن بہ دن ایسے واقعات منظر عام پر آنے کی وجہ سے اکثر خاندان اپنے بچوں کے منشیات کے دھندے یا استعمال میں ملوث ہونے کی وجہ سے سخت پریشان ہیں۔ کیونکہ ڈرگس مافیا نوجوانوں خاص کر کالج کے طلبہ کو نشانہ بنارہا ہے اور طلبہ اپنے گھروں میں جھوٹ کہتے ہوئے کہ زائد کلاسیس لی جاری ہیں یا ٹیوشن کیلئے جانا ہے یا دوستوں کے پاس پارٹی میں جانا ہے کے بہانے بناتے ہوئے منشیات کے استعمال یا دھندے میں ملوث ہورہے ہیں۔ اس معاملہ میں ملوث ڈگری کے 8 طلبہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور ان طلباء کے والدین کو پولیس اسٹیشن طلب کرکے ان طلبہ کی کونسلنگ کی ہے۔ حراست میں لئے گئے 8 طلبہ کی کمشنر پولیس مہیش بھگوت نے بذات خود کونسلنگ کی ہے ۔ چہارشنبہ کے دن ایس او ٹی نے جس ڈرگس مافیا کو گرفتار کیا ہے اس مافیا نے بتایا ہے کہ حیدرآباد میں منشیات کی شدید مانگ ہے اور زیادہ تر شہر کا نوجوان طبقہ منشیات خریدتا ہے۔ اس مناسبت سے کمشنر پولیس مہیش بھگوت نے بتایا کہ والدین کی چوکسی ہی ان کے بچوں کو منشیات سے دور رکھ سکتی ہے۔ اکثر 18-17 برس کی عمر کے طلبہ منشیات کے عادی بن رہے ہیں۔