کانگریس، ایس پی، مگرمچھ کے آنسو بہانا بند کریں

   

قبائیلیوں کو زمین دلانے عملی اقدامات کی ضرورت : مایاوتی

لکھنو 13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے دورہ سون بھدرا کے بعد بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے کانگریس اور سماج وادی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان جماعتوں کے قائدین کو اب ’مگرمچھ کے آنسو بہانا بند کردینا چاہئے اور اس کے بجائے قبائیلیوں کو ان کی اراضیات دلانے کے لئے کام کرنا چاہئے‘۔ مایاوتی نے ہندی زبان میں سلسلہ وار ٹوئٹس کرتے ہوئے لکھا کہ ’سون بھدرا کیس کے متاثرین کے مطابق کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے ’لینڈ مافیا‘ پہلے ان (قبائیلیوں) کی زمینات پر قبضہ کرلیا جس کے بعد کئی قبائیلیوں کو ہلاک کردیا گیا‘۔ مایاوتی نے کہاکہ ’مگرمچھ کے آنسو بہانے کے بجائے ایس پی اور کانگریس کے قائدین کو چاہئے کہ ان قبائیلیوں کی اراضیات دوبارہ دلانے کے لئے آگے آئیں تاکہ ان کی اصلاح کی جاسکے‘۔ مایاوتی نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا جب پرینکا گاندھی سون بھدرا کے اُس گاؤں کا دورہ کررہی تھیں جہاں ایک ماہ قبل گوند قبیلہ سے تعلق رکھنے والے 10 افراد کو زمین کے ایک تنازعہ پر گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔
انڈیگو کی اُڑان سے قبل پیغام انتباہ، گڈکری بھی طیارہ میں پھنس گئے
ناگپور 13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر نتن گڈکری اور دیگر 158 مسافرین اُس وقت انڈیگو کے دہلی جانے والے طیارہ میں پھنس گئے جب انجن کے چالو ہونے کے بعد پائلیٹ کی طرف سے تکنیکی خرابی کو محسوس کرتے ہوئے احتیاط کا پیغام دیا گیا۔ خطرہ کے اشارہ پر طیارہ دوبارہ اس کے مقام پر ٹھہرادیا گیا۔ انڈیگو نے اپنے بیان میں کہاکہ ’یہ گراؤنڈ پر روز مرہ کی جانچ کے دوران احتیاط سے متعلق پیغام دوبارہ موصول ہوا تھا۔ اس ایرلائنس نے کہاکہ طیارہ نے اُڑان بھرنے کی ناکام کوشش نہیں کی تھی۔