کانگریس اقتدار میں کسانوں کو جیل نہیں بھیجا جائیگا : راہول

,

   

مودی نے کارپوریٹس کو فرار ہونے کا موقع دیا اور کسانوں کو جیل بھیجا : کانگریس صدر کا خطاب

بدایون ( یو پی ) 18 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ اگر ان کی پارٹی کو اقتدار حاصل ہوجاتا ہے تو مقروض کسانوں کو جیل نہیں بھیجا جائیگا ۔ داتا گنج میں ایک الیکشن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو تاجروں اور صنعتکاروں نے ہزاروں کروڑ روپئے کے قرضہ جات حاصل کئے تھے انہیں جیل بھیجنے کی بجائے ملک سے فرار ہونے کا موقع فراہم کیا گیا ۔ جبکہ جن کسانوں نے 20 ہزار روپئے کا معمولی قرض حاصل کیا تھا اور وہ اسے ادا نہیں کرسکے انہیں بی جے پی حکومت میں جیل بھیج دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب ایسا نہیں ہوگا ۔ جب تک بڑے قرض نا دہندگان کو جیل نہیں بھیجا جاتا ایک بھی کسان کو جیل نہیں بھیجا جائیگا ۔ جیسے ہی مرکز میں ہماری حکومت قائم ہوگی کسانوں کو قرضہ جات ادا نہ کرنے پر جیل بھیجنے کا سلسلہ بند کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے مدھیہ پردیش ‘ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں اقتدار پر آئی ہے اور یہاں اس نے کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کا وعدہ پورا کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو دو گروپس میں امیروں اور غریبوں میں بانٹنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ انہوں نے ایس پی بی ایس پی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کیا ان دونوں جماعتوں نے کبھی کہا کہ چوکیدار چور ہے ؟ ۔ انہوں نے ایسا نہیں کیا ہے کیونکہ ان دونوں کی گنجیاں مودی کے پاس ہیں۔ گاندھی نے مودی زیر قیادت حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کیلئے روزگار فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مودی حکومت میں بیروزگاری کی شرح بڑھ کر گذشتہ 45 سال میں سب سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ نوٹ بندی کے ذریعہ مودی نے عوام کی رقومات حاصل کرلی ہیں اور اب کانگریس پارٹی یہی رقم دوبارہ حاصل کریگی اور اسے غریب عوام کے بینک کھاتوں میں جمع کروائے گی ۔ کانگریس کی معلنہ اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم نیائے کا حوالہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ جیسے ہی کانگریس حکومت تشککیل پائے گی وہ غریب عوام کو سالانہ 72,000روپئے کی امداد کو یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ایک جانب نا انصافی ہے تو دوسری جانب نیائے ( کانگریس کی معلنہ اسکیم ) ہے ۔ عوام کو سچ اور جھوٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری و انچارچ مغربی اترپردریش جیوتر آدتیہ سندھیا بھی اس ریلی میں شریک تھے ۔ واضح رہے کہ جیوتر آدتیہ سندھیا کو پرینکا گاندھی کے ساتھ پارٹی جنرل سکریٹری بنایا گیا تھا اور انہیں مغربی اترپردیش کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔